شاہ رخ خان: 56ویں سالگرہ پر شاہ رخ خان کے بارے میں 56 باتیں

،تصویر کا ذریعہANI
- مصنف, وندنا
- عہدہ, بی بی سی نامہ نگار
بالی وڈ کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان یا اپنے مداحوں کے کنگ خان کسی تعارف کے محتاج نہیں ہے۔ ان کے مداحوں میں ہر عمر کے افراد شامل ہیں۔
2 نومبر 1965 میں جنم لینے والے شاہ رخ خان آج 56 برس کے ہوگئے ہیں۔
اس موقع پر پیش ہیں شاہ رخ خان کی 56 خاص باتیں۔
1- شاہ رخ خان کا جنم 2 نومبر 1965 کو تاج محمد خان اور لطیف فاطمہ کے گھر ہوا تھا لیکن پہلے پانچ برسوں میں شاہ رخ خان کی نانی نے ان کی دیکھ بھال کی۔ اس دوران وہ پہلے منگلور پھر بنگلور میں رہے۔
2. شاہ رخ خان اپنے نانا اور نانی کے ساتھ رہتے تھے۔ ان کے نانا منگلور بندرگاہ کے چیف انجينئیر تھے۔ منگلور کے ہاربر ہاؤس جہاں وہ رہتے تھے، آج بھی وہاں سیاح جاتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
3.شاہ رخ کی والدہ کا تعلق حیدرآباد، والد کا پشاور اور دادی کا تعلق کشمیر سے تھا۔
4. شاہ رخ کی پرورش دلی میں ہوئی ہے۔ انہوں نے دلی کے سینٹ کولمبس سکول سے تعلیم حاصل کی جہاں وہ کھیلوں میں بے حد دلچسپی رکھتے تھے۔ اس کے بعد دلی یونیورسٹی کے ہنسراج کالج سے انہوں نے بے اے اکنومکس کیا اور ایم اے کے لیے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے مشہور کمیونکیشن سینٹر میں داخلہ لیا جہاں سے وہ ڈگری پوری کیے بغیر ممبئی چلے گئے۔
5. شاہ رخ خان تھئیٹر کی معروف شخصیت بیری جان کے ساتھ کام کرتے تھے۔ بیری جان نے ان سے ایک بار ایک ٹی وی ڈرامے کے لیے آڈیشن کے لیے کہا۔ اس میں انہیں محض ایک ڈائیلاگ کے ساتھ لیڈ ڈانسر کا کردار حاصل ہوا۔ حالانکہ بیری جان شروعات میں ان کی گلوکاری سے کافی متاثر تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہTwitter
6. شاہ رخ خان 15 برس کے تھے جب ان کے والد سرطان کی بیماری کی وجہ سے اس دنیا سے چل بسے۔ ان کے والد پیشے سے وکیل تھے اور انڈیا کی آزادی کی جدوجہد میں شامل تھے۔ وہ جب 14-15 برس کے تھے تو جنگ آزادی کے دوران جیل گئے۔ بعد میں انہوں نے مولانا ابوالکلام آزاد کے خلاف انتخاب بھی لڑا لیکن وہ ہار گئے۔ انہوں نے متعدد بزنس کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔
7. شاہ رخ خان کا دلی میں واقع نیشنل اکیڈمی آف ڈرامہ( این ایس ڈی) کے ساتھ قریبی رشتہ رہا۔ ان کے والد 1974 تک وہاں کینٹین چلاتے تھے۔
اس وقت شاہ رخ خان اپنے والد کے ساتھ وہاں جایا کرتے تھے۔ وہاں وہ مشہور اداکار جیسے روہنی ہٹنگڑی، سریکھا سیکری، رگھویر یادو، راج ببر کو اداکاری کرتے دیکھتے تھے۔ وہ انڈیا کے مشہور تھئيٹر شخصیت ابراہیم القاضی کے ساتھ وقت گزارتے تھے اور ’سورج کا ساتواں گھوڑا' جیسے ڈراموں کی ریہرسل ہوتے دیکھتے تھے اور وہاں سے انہیں سنیما سے محبت ہوگئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہYRF
8. شاہ رخ خان کی پہلی تنخواہ 50 روپے تھی جو انہوں نے پنکج ادھاس کے موسیقی کے پروگرام کے دوران کام کر کے کمائے تھے۔ ان پچاس روپوں سے وہ ٹرین کے ذریعے آگرہ گئے۔
9.دلی میں لیکھ ٹنڈن نے 1988 میں انہیں ’دل دریا‘ سیریل میں کام کرنے کا موقع دیا۔ ان کی شرط تھی کہ اس کردار کے لیے شاہ رخ خان کو اپنے بال کٹوانے ہوں گے۔
10.حالانکہ ان کا پہلا ٹی وی سیریل فوجی تھا جو 1989 میں کرنل کپور کی ہدایت میں بنا تھا۔ کرنل کپور نے اس سیریل کے آڈیشن کے دوران بعض لڑکوں کو دوڑا کر دیکھا۔ صرف چند لڑکے ہی واپس لوٹے اور ان میں شاہ رخ خان ایک تھے۔ اس کے بعد کرنل کپور نے شاہ رخ خان کو بھی فوجی میں ادکاری کا موقع دیا۔
11. شاہ رخ جب چھوٹے تھے تو ان کی خواہش تھی کہ وہ فوج میں جائیں۔ انہوں نے کولکاتہ کے آرمی سکول میں داخلہ بھی لیا تھا لیکن ان کی والدہ اس کے لیے راضی نہیں ہوئیں۔
12. شاہ رخ خان اور سکول کے ان کے چار دوستوں کے مشہور گینگ تھے جنھیں وہ ’سی گینگ‘ کہتے تھے، باقی کے نام پی ایل وہ گینگ، سردار گینک وغیرہ تھے، بعد میں انہوں نے ایک ایسا ہی کردار جوش فلم میں ادا کیا جس میں وہ ایک گینگ کا حصہ تھے۔
13. سکول کے دنوں میں ایک ڈانس پارٹی کے دوران ایک فوجی کی بیٹی گوری چھبا سے ان کی ملاقات ہوئی۔ ایک بار جب گوری اپنے دوستوں کے ساتھ چھٹی منانے ممبئی گئیں تو شاہ رخ خان بھی وہاں پہنچ گئے۔ انہیں یہ نہیں معلوم تھا کہ وہ اتنے بڑے شہر میں انہیں تلاش کہاں کریں گے۔ شاہ رخ کو یہ معلوم تھا کہ گوری کو تیراکی پسند ہے تو وہ ممبئی کے سبھی ساحلوں پر انہیں ڈھونڈتے تھے۔ کچھ دن بعد ان کی کوشش رنگ لائی اور انہوں نے ان کو ایک ساحل پر تلاش کرہی لیا۔ اس دوران رات وہ ریلوے سٹیشن پر گزارتے تھے۔ دونوں کی دوستی محبت میں بدلی اور 25 اکتوبر 1991 کو دونوں کی شادی ہوئی۔

14. شاہ رخ خان کو آج بھی یاد ہے کہ گوری سے ان کی ملاقات 9 ستمبر 1984 کو ہوئی تھی اور اسی دن ان کو ڈرائیونگ لائنسس بھی ملا تھا۔
15. ’واگلے کی دنیا‘، ’دوسرا کیول‘ جیسے ڈرامہ سیریلز میں کام کرنے کے بعد شاہ رخ کو رینوکا شاہانے کے ساتھ ٹی وی سیریل سرکس (1989-90) میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس وقت ان کی والدہ بہت بیمار تھیں اور انہیں دلی کے بترا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس وقت شاہ رخ نے اپنی والدہ کو سرکس سیریل کی ایک قسط دکھانے کے لیے خصوصی اجازت لی لیکن وہ اس قدر بیمار تھیں کہ وہ شاہ رخ کو پہچان بھی نہیں سکتی تھیں۔ اپریل 1991 میں ان کی وفات ہوگئی۔
16. شاہ رخ اپنی والدہ کی موت کے دکھ کو بھلانے کے لیے ایک سال کے لیے ممبئی آئے تھے اور پھر کبھی واپس نہیں گئے۔
17. شاہ رخ خان نے 1991 میں منی کول کی ٹیلی فلم ’فلم ایڈیٹ‘ میں منفی کردار ادا کیا۔ لیکن پہلی بار پردیپ کشن اور اروندھتی رائے کی فلم 'In Which Annie Gives It Those Ones' کے لیے کیمرے کا سامنا کیا تاہم فلم میں ان کے کردار کو بہت مختصر کر دیا گیا۔
18۔ 1991 میں انہوں نے اپنی پہلی فلم 'دل آشنا ہے' سائن کی۔ لیکن جس فلم میں وہ بطور ہیرو اہم کردار میں تھے وہ ’دیوانہ‘ تھی جو 25 جون 1992 کو ریلیز ہوئی تھی۔
19. راہل نام تو سنا ہی ہوگا: ڈر، دل تو پاگل ہے، کچھ کچھ ہوتا ہے، زمانہ دیوانہ، یس باس، کبھی خوشی کبھی غم، چینئی ایکسپریس، وہ فلمیں ہیں جن میں شاہ رخ کا نام راہل تھا۔ کل 9 فلموں میں انہوں نے راہل نام کے نوجوان کا کردار ادا کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
20. راج نام بھی شاہ رخ خان کو عزیز رہا ہے۔ راجو، ڈی ڈی ایل جے، بادشاہ، محبتیں، رب نے بنا دی جوڑی میں وہ راج کا کردار ادا کر چکے ہیں۔
21. بڑے پردے پر شاہ رخ خان نے کئی ایسے کردار ادا کیے ہیں جو آخر میں مر جاتا ہے۔ بازی گر، ڈر، انجام، دل سے، رام جانے، ڈپلیکیٹ، دیوداس، شکتی، کل ہو نا ہو، اوم شانتی اوم، راون، کرن ارجن وغیرہ وغیرہ۔ کرن ارجن میں تو ان کا کردار دوبارہ جنم لیتا ہے۔
22. شاہ رخ کڑی محنت کے لیے جانے جاتے ہیں، وہ صرف 4-5 گھنٹے سوتے ہیں۔ ان کا ایک مشہور قول ہے کہ ’سونا زندگی کو ضائع کرنا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیے
23. شاہ رخ اپنی بیٹی کے لیے ایک کتاب لکھ رہے ہیں، جس میں وہ انہیں اداکاری کے بارے میں اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے۔ انوپم کھیر کے ٹی وی شو میں انہوں نے اپنی کتاب کا نام ظاہر کیا تھا ’ٹو سہانا، آن ایکٹنگ، پاپا‘۔ انہوں نے اس شو میں یہ بھی بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو بطور اداکارہ دیکھنا چاہتے ہیں۔
24. شاہ رخ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے اپنی زندگی پر کتاب لکھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے پروڈیوسر ڈائریکٹر مہیش بھٹ کے کہنے پر یہ کتاب لکھنا شروع کی تھی۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
25. شاہ رخ اور سلمان خان نے 1996 میں اداکار محمود کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم 'دشمن دنیا' میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ اس میں وہ مہمان اداکار تھے۔
26. بیوی اور بچوں کے علاوہ شاہ رخ حان اپنی بڑی بہن لالہ رخ کے ساتھ رہتے ہیں۔ ان کی بہن نے ایم اے اور ایل ایل بی کی تعلیم حاصل کی ہے۔
27. 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' کی کہانی سنتے وقت زیادہ تر عملے کو لگا تھا کہ شاہ رخ خان فلم میں کام کرنے سے انکار کردیں گے۔ وہ سیف علی خان کو سائن کرنے کا سوچ رہے تھے۔ اس وقت شاہ رخ ایک رومانٹک ہیرو کا کردار نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن انہوں نے ہاں کہی اور فلم میں ایکشن اور لڑائی کے مناظر شامل کرائے۔
28. 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' کی شوٹنگ کھیتوں میں ہونی تھی۔ جب کسانوں نے شوٹنگ کی مخالفت کی تو شاہ رخ خان نے خاص ہریانوی لہجے میں انہیں منایا، اس کے بعد 'تجھے دیکھا تو یہ جانا صنم...‘ کی شوٹنگ ہوئی۔
29. ڈی ڈی ایل جے کی شوٹنگ کے دوران وہ 'تریمورتی' فلم کی شوٹنگ بھی کر رہے تھے۔

،تصویر کا ذریعہReD CHILLI
30. شاہ رخ نے فلم جوش میں 'اپون بولا...' گانا بھی گایا ہے۔ شاہ رخ خان کو گلوکاری کا شوق ہے۔
31. جوانی میں شاہ رخ خان اداکار کمار گورو سے ملنا چاہتے تھے کیونکہ ان کے خیال میں وہ کمار گورو کی طرح لگتے تھے۔
32. شاہ رخ کا فوجی کے دوران پہلی بار اپنے مداحوں سے سامنا ہوا۔ ایک بار وہ دہلی کے پنچ شیل پارک علاقے میں تھری وہیلر میں بیٹھے جا رہے تھے جب دو خواتین نے 'وہ دیکھو ابھیمنیو رائے' چلانا شروع کیا۔ فوجی سیریل میں ان کے کردار کا نام ابھیمنیو ہی تھا۔
33. شاہ رخ کا تعلق پشاور سے بھی ہے۔ وہ 1978-79 کے دوران وہاں گئے تھے۔ بی بی سی کو دیے ایک انٹرویو میں ان کی کزن نور جہاں نے بتایا تھا کہ وہ وہاں جاکر بہت خوش ہوئے تھے کیونکہ وہ پہلی بار اپنے والد کے خاندان سے ملے تھے۔ انڈیا میں صرف ان کی والدہ کے رشتہ دار رہتے ہیں۔
34. شاہ رخ خان ہر برس دیوالی کے موقع پر رام کی زندگی کی کہانی پر مبنی مشہور ناٹک ’رام لیلا‘ میں بھی کام کر چکے ہیں۔
35. رام لیلا میں اداکاری کرتے وقت وقفے کے دوران وہ اردو شاعری سنایا کرتے تھے۔ انعام کے طور پر انہیں ایک روپیہ ملا کرتا تھا۔

،تصویر کا ذریعہYFR
36. اپنے مداحوں سے بچنے کے لیے شاہ رخ کو ایک بار گاڑی کی ڈکی میں چھپ کر سفر کرنا پڑا تھا۔
37. لاس اینجلس میں ایک سٹیج شو کے دوران جب میڈونا وہ شو دیکھنے پہنچیں تو شاہ رخ اپنے ڈانس سٹیپس بھول گئے تھے۔
38. بالی وڈ کی ایک کامیڈی فلم 'عامر سلمان شاہ رخ' ہے، جس میں عامر، سلمان اور شاہ رخ خان کے ڈپلیکیٹ اداکاروں نے کام کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
39. شاہ رخ، عامر اور سیف علی خان نے 1993 میں فلم 'پہلا نشہ' میں ایک ساتھ ایک مختصر کردار ادا کیا تھا۔
40. بنگلورو میں جب شاہ رخ اپنے نانا نانی کے ساتھ رہتے تھے اس وقت اداکار محمود ان کے پڑوسی تھے۔
41. شاہ رخ کو آج بھی کھلونوں کا بہت شوق ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
42. شاہ رخ کے والد گھر میں ہندکو زبان بولتے تھے۔
43. سکول کے دنوں شاہ رخ خان کی ہندی بہت کمزور تھی۔ ایک بار جب انہیں امتحان میں سو میں سے سو نمبر ملے تو ان کی والدہ انہیں دیوآنند کی فلم ’جوشیلا‘ دکھانے لے گئی تھیں۔
44. ایک ٹی وی شو میں شاہ رخ خان نے بتایا تھا کہ پیدائش کے بعد انہوں نے جو پہلا لفظ بولا تھا وہ چمپا تھا۔ یہ ان کی پڑوس میں رہنے والی خاتون کا نام تھا۔
45. شاہ رخ کو ان کی پیدائش پر چاندی کا ٹب تحفے میں ملا تھا۔
46. شاہ رخ کے ٹوئٹر پر 42 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں۔
47. شاہ رخ کو فلموں میں گھڑ سواری اور بوسے والے مناظر کرنے سے ڈر لگتا ہے۔

48. شاہ رخ کے والد اور بہن گھڑ سواری کرتے تھے۔ دونوں بہن بھائیوں کا نام ان کے والد کے گھوڑے کے نام پر رکھے گئے ہیں۔
49. 1998 میں زی سین ایوارڈز کے لیے بہترین اداکار کے طور پر منتخب ہونے کے بعد انہوں نے سلمان خان کو سٹیج پر بلایا اور ان کی جانب سے سب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سلمان کو لگتا ہے کہ سارے ایوارڈز شاہ رخ کو ملتے ہیں، ان کو نہیں۔
50. شاہ رخ خان بالی ووڈ کے پہلے اداکار ہیں جنہیں ملیشیا میں 'دا تک' یعنی اعلیٰ شہری اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ 2014 میں انہیں فرانس کا اعلیٰ شہری اعزاز 'لیجن آف آنر' دیا گیا تھا۔ انہیں 2005 میں انڈیا کا اعلیٰ شہری اعزاز پدم شری ملا۔ یونیورسٹی آف ایڈنبرا نے انہیں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی دی ہے۔
51. 2004 میں شاہ رخ خان ٹائم ميگزین کے کور پر نظر آئے۔
52. فوربز میگزین نے شاہ رخ خان کو دنیا کے 10 سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکاروں کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر رکھا تھا۔
53.امیتابھ بچن کے بعد شاہ رخ خان نے 'کون بنے گا کروڑ پتی 'پروگرام کی میزبانی کی تھی۔
54.شاہ رخ خان نے بچوں کے پروگرام 'کیا آپ پانچویں پاس سے تیز ہیں' کی میزبانی بھی کی ہے۔
55.شاہ رخ خان نے بچوں کی اینیمیشن فلم'دی لائن کنگ' میں مسافہ کے کردار کو اپنی آواز دی تھی جبکہ ان کے بیٹے آرین خان نے سِبما کے لیے آواز دی تھی۔
56.شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے آرین خان کے کہنے پر فلم 'راون' میں کام کیا تھا۔ اس فلم کو موجودہ دور میں بالی ووڈ کی پہلی سپر ہیرو فلم کہا جاسکتا ہے۔









