میٹ گالا 2021: سیاہ ’برقع‘، سرخ پینٹ کوٹ اور رنگین چادر۔۔۔ نیویارک میں فیشن کی تقریب میں فنکاروں کے انوکھے لباس

فیشن کی سب سے بڑی تقاریب میں سے ایک یعنی نیو یارک کے میٹ گالا میں دنیا کے معروف ترین فنکار نظر آئے، مگر اس تقریب کو دیکھنے والے کے نزدیک بظاہر فنکاروں سے زیادہاُن کے اچھوتے اور منفرد انداز کے ملبوسات زیر بحث آئے۔

اس تقریب کا مقصد ’میٹرو پولیٹن میوزیم آف آرٹس کاسٹوم انسٹیٹیوٹ‘ کے لیے امداد جمع کرنا تھا۔ گذشتہ سال یہ تقریب کووڈ 19 کی عالمی وبا کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی تھی۔

یہاں مدعو کیے گئے مہمانوں کے لیے کووڈ 19 کے حفاظتی قواعد و ضوابط کی پابندی لازم تھی جس میں سب کے لیے عمارتوں کے اندر بھی ماسک پہننا ضروری تھا۔ مگر ان تمام تر کووڈ پابندیوں کے باوجود فنکاروں نے اپنے فیشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔

رواں سال اس تقریب کا عنوان ’امریکہ میں فیشن کے مختلف انداز‘ تھا اور اس میں فنکاروں کا فیشن مختلف چیزوں جیسے مشہور فلم میٹرکس اور سٹیچو آف لیبرٹی (مجسمہ آزادی) سے متاثر تھا۔

اس تقریب کی میزبانی پاپ سٹار بیلی ایلش، ٹینس کی کھلاڑی نایومی اوساکا، اداکار ٹیموتھی شالامٹ اور شاعرہ امینڈا گورمین نے کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

23 بار گرینڈ سلیم کی فاتح کھلاڑی سیرینا ولیمز نے اپنے رنگ برنگے لباس سے پیغام بھیجا۔ پنکھوں سے بنے ان کے لباس نے بھی پذیرائی حاصل کی۔

'لگتا ہے کم کارڈیشیئن نے برقعے کی کوئی اپ ڈیٹ قسم پہن رکھی ہے'

سوشل میڈیا پر کِم کارڈیشیئن کے لباس پر کافی زیادہ بات ہو رہی ہیں۔ اس لباس کو کسی نے برقع کہا تو کسی نے سیاہ باڈی سوٹ۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ اس کے ذریعے وہ امریکی مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کر رہی تھیں۔

انھوں نے اپنے پورے جسم کو سیاہ لباس میں ڈھانپ رکھا تھا اور ان کا مکمل چہرہ اسی رنگ کے کپڑے میں لِپٹا ہوا تھا۔ یہ کاسٹوم ڈیمنا گواسالیہ نے ڈیزائن کیا تھا جو ایک فیشن ہاؤس سے منسلک ہیں۔

کِم کے کپڑوں پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ لگتا ہے کم کارڈیشیئن نے 'برقعے کی کوئی اپ ڈیٹ قسم پہنن رکھی ہے۔'

نجمہ عاشق نامی ایک صارف نے لکھا کہ 'مغربی دنیا کو برقعے میں خواتین سے مسئلہ ہے مگر کِم نے خود کو ڈھانپنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔'

مگر کوئنز موم نامی صارف کے مطابق 'افغانستان میں خواتین سے اظہار یکجہتی کے لیے میٹ گالا میں کم کاڈیشیئن کا برقع پہننا قابل تعریف ہے۔'

دریں اثنا میٹ گالا میں سب سے آخر میں آنے والوں میں امریکی گلوکار ریحانہ شامل تھیں۔ گذشتہ برسوں میں اس تقریب میں ان کا لباس کو کافی پسند کیا جا چکا ہے۔

اس بار انھوں نے ایک سیاہ کوٹ پہن رکھا تھا۔ ان کے ساتھ ان کے بوائے فرینڈ ایسیپ راکی تھے جن کی رنگین چادر کی چمک نے لوگوں کی توجہ حاصل کی۔

تمام تصاویر کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔