آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ٹام کروز: مشن ایمپاسبل کی فلم بندی کے دوران چور اداکار کی بی ایم ڈبلیو کار لے اڑے
ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز کی بی ایم ڈبلیو گاڑی اس وقت چوری ہو گئی جب وہ برمنگھم میں فلم بندی میں مصروف تھے۔
اداکار شہر میں ’مشن ایمپاسبل‘ فلم سیریز کی ساتویں فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔
برطانوی اخبار دی سن کا دعویٰ ہے کہ کروز کے زیر استعمال گاڑی گرینڈ ہوٹل کے باہر سے چوری کی گئی اور کار کے اندر ہزاروں پاؤنڈ مالیت کا سامان بھی موجود تھا۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کا کہنا ہے کہ منگل کو چرچ سٹریٹ سے ایک بی ایم ڈبلیو ایکس سیون چوری ہوئی تھی اور تھوڑی دیر بعد اسے برآمد کر لیا گیا۔
گاڑی قریبی علاقے سمتھ وِک سے ملی۔ سی سی ٹی وی کی جانچ کی جا رہی ہے اور پوچھ گچھ جاری ہے۔
برمنگھم میں نیو سٹریٹ سٹیشن کے اوپر گرینڈ سینٹرل شاپنگ سینٹر کے کئی حصے اتوار سے بدھ تک بند رہے تاکہ یہاں فلم کی شوٹنگ مکمل کی جا سکے۔
بہت سے شائقین ٹام کروز کو دیکھ کر انتہائی پُرمسرت تھے۔ کروز نے انڈین ریستوران کا دورہ کیا اور شہر میں گزارے گئے وقت کے دوران برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس کے افسران سے بھی ملاقات کی۔
افسران نے تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ یہ فوٹو شاپ تصویر نہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
برمنگھم کے لارڈ میئر محمد افضل کو بھی ٹام کروز اور ان کی ساتھی اداکار ہیلی ایٹویل سے ملنے کا موقع ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک شاندار دورہ ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ یہ پردے کے پیچھے کا دلکش منظر ہے۔
محمد افضل کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں ’فلم کی ریلیز کا شدت سے انتظار ہے۔‘
یہ بھی پڑھیے
اس سے پہلے کروز نے وارکشائر کے ایک خاندان کو اس وقت حیران و پریشان کر دیا جب ان کا ہیلی کاپٹر اس خاندان کے صحن میں اترا۔