آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سر ڈیوڈ ایٹنبرو نے انسٹاگرام پر اداکارہ جینیفر اینسٹن کا ریکارڈ توڑ دیا
انگلش براڈکاسٹر اور جنگلی حیات و ماحولیات کے بین الاقوامی ماہر سر ڈیوڈ ایٹنبرو نے اداکارہ جینفر ایسٹن کا انسٹاگرام پر سب سے کم وقت میں دس لاکھ فالوورز بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
گینز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق، جمعرات کے روز سر ڈیوڈ ایٹنبرو کے فالوورز کی تعداد چار گھنٹے 44 منٹ میں ایک ملین (10 لاکھ) تک پہنچ گئی۔
انھوں نے اپنی پہلی پوسٹ میں کہا: ’ہمارے سیارے کو بچانا اب کمیونیکیشن یا مواصلات کے لیے ایک چیلنج ہے۔‘
گذشتہ اکتوبر میں ہالی وڈ اداکارہ جینیفر ایسٹن نے انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بنایا تھا جس کے بعد وہ تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرانے میں کامیاب ہوگئیں تھیں۔
50 سالہ جینیفر ایسٹن کو صرف پانچ گھنٹے 16 منٹ میں ایک ملین (دس لاکھ) افراد نے فالو کیا تھا۔
اس سے قبل انسٹاگرام پر سب سے کم وقت میں سب سے زیادہ فالوورز حاصل کرنے کا ریکارڈ ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کے پاس تھا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اپنی پہلی ویڈیو میں ڈیوڈ ایٹنبرو نے فالوورز کو بتایا: ’جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ دنیا خطرے میں ہے، اس لیے یہ پلیٹ فارم جوائن کر کے میں رابطے کے ایک نئے ذریعے کا جائزہ لے رہا ہوں۔‘
’کئی براعظموں میں آگ لگی ہوئی ہے۔ گلیشیئرز پگھل رہے ہیں۔ کورل ریف ختم ہو رہے ہیں۔ ہمارے سمندروں سے مچھلیاں غائب ہو رہی ہے۔ یہ فہرست بہت لمبی ہے اور ہمارے سیارے کو بچانا اب مواصلات کے لیے ایک چیلنج ہے۔‘
اس ریکارڈ کے ساتھ سر ڈیوڈ ایٹن بورو سب سے کم وقت میں دس لاکھ فالوورز حاصل کرنے والی عوامی شخصیات کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
انسٹاگرام ریکارڈ ہولڈرز:
- سر ڈیوڈ ایٹن بورو - چار گھنٹے 44 منٹ (ستمبر 2020)
- جینیفر اینسٹن - پانچ گھنٹے 16 منٹ (اکتوبر 2019)
- ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس - پانچ گھنٹے 45 منٹ (اپریل 2019)
- کنگ ڈینیئل، کے پاپ اسٹار - 11 گھنٹے 36 منٹ (جنوری 2019)
- پوپ فرانسس - 12 گھنٹے (مارچ 2016)
- ڈیوڈ بیکہم - 24 گھنٹے (مئی 2015)
سر ڈیوڈ کے فالوورز کی کل تعداد 3.8 ملین ہوگئی ہے۔ تاہم مجموعی طور پر وہ سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے شخص، فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو سے پیچھے ہیں، جن کے فالوورز کی تعداد 238 ملین ہے۔
بی بی سی ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کے فلمساز، جونی ہیوز اور کولن بٹ فیلڈ کہتے ہیں ’ڈیوڈ سوشل میڈیا پر اتنا وقت نہیں گزارتے۔ اگرچہ انھوں نے انسٹاگرام کے لیے اس پوسٹ جیسے پیغامات ریکارڈ کیے ہیں لیکن اس اکاؤنٹ کو چلانے میں ہم ان کی مدد کررہے ہیں۔‘
انسٹاگرام جوائن کرنے سے قبل سر ڈیوڈ کی ایک کتاب چھپنے کے علاوہ ایک نیٹ فلکس دستاویزی فلم بھی ریلیز ہوئی ہے۔ ان دونوں کا عنوان ’آ لائف آن آر پلانٹ‘ یعنی ہمارے سیارے پر زندگی ہے۔
فلم میں ان کے کیریئر پر نظر ڈالنے کے علاوہ سیارے کے ماحول اور حیاتی نظام میں تنوع کے زوال پر غور کیا جائے گا، جس کا انھوں نے خود مشاہدہ کیا ہے۔
سر ڈیوڈ کا کہنا ہے کہ وہ اس پلیٹ فارم کا استعمال ویڈیو شیئر کرنے کے لیے کریں گے جن میں یہ سمجھایا جائے گا کہ ’کیا مسائل ہیں اور ہم ان سے کیسے نمٹ سکتے ہیں۔‘
ویڈیو کا اختتام انھوں نے ان الفاظ پر کیا ’آئیں میرے ساتھ شامل ہو جائیں۔ یا جیسے ہم ریڈیو کے ابتدائی دنوں میں کہتے تھے کہ ’ہمارے ساتھ جڑے رہیے گا‘۔‘