مشہور گلوکارہ لتا منگیشکر آئی سی یو سے باہر، حالت بہتر

انڈیا کی مقبول ترین گلوکارہ لتا منگیشکر کی صحت میں بہتری آرہی ہے اور انہیں آئی سی یو سے نارمل وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

ان کی ترجمان انوشا شریواستو نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ لتا منگیشر کی صحت بہتر ہورہی ہے اور امید ہے کہ وہ جلد ہی مکمل طور پر صحت مند ہوجائیں گی اور ' ہم انہیں گھر لے جاسکے گیں'۔

ممبئی میں موجود بی بی سی کی نامہ نگار مدھو پال کے مطابق جمعرات کو سوشل میڈیا پر لتا منگیشکر کی صحت سے متعلق تشویش میں اضافے کے بعد لتا منگیشکر کی ٹیم کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ' لتا دی دی کی حالت مستحکم ہے ۔ ان کی صحت کے بارے میں آپ کی فکر اور دعاؤں کے لیے شکریہ'۔

لتا منگیشکر کو پیر کے روز سینے میں تکلیف کے باعث ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔

ان کی ترجمان کا کہنا تھا ' لتا جی کو سینے میں وائرل انفیکشن کی شکایت تھی۔ ان کی عمر کا خيال رکھتے ہوئے احتیاط کے طور پر انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گيا ہے'۔

اسی درمیان ل لتا منگیشکر کی ٹیم کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا کہ وہ گھر واپس آ گئی ہیں، لیکن ہسپتال کے ایک سینیئر ڈاکٹر نے بتایا کہ ان کی حالت نازک ہے اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ ’انھیں پیر کو علی الصبح دو بجے کے قریب ہسپتال لے جایا گیا تھا۔ ان کی حالت نازک ہے اور اس وقت وہ آئی سی یو میں ہیں۔‘

لتا منگیشکر کا جنم 1929 میں ہوا تھا ۔ ان کا شمار انڈیا کی بہترین گلوکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بہت کم عمر میں گلوکاری شروع کی تھی اور تقریبا 6 دہائیوں پر مشتمل اپنے کرئیر میں انہوں نے ان گنت نغمے گائے ہیں۔

لتا منگیشکر کا بارے میں کہا جاتا ہے کہ دنیا کے ان گلوکاروں میں شامل ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ نغمے ریکارڈ کیے ہیں۔

کلاسکل گلوکاری کی ماہر لتا منگیشکر نے ہندی کے علاوہ متعدد انڈین زبانوں میں گلوکاری کی ہے۔

انڈیا کے سب سے بڑے اعزازوں دادا صاحب فالکے اور بھارت رتن سے نوازی جانے والی لتا منگیشکر انڈیا ہی نہیں بلکہ ملک سے باہر بھی معروف ہیں۔