آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ہالی وڈ اداکار آرنلڈ شواسنیگر پر جنوبی افریقہ میں ایک تقریب کے دوران حملہ
جنوبی افریقہ میں خود پر ہونے والے ایک حملے کے بعد اداکار آرنلڈ شوانیگر نے اپنے مداحوں سے کہا ہے کہ فکر کی کوئی بات نہیں۔
ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکار پر پشت سے حملہ کیا گیا۔
71 سالہ شواسنیگر جو کیلیفورنیا کے سابق گورنر بھی رہ چکے ہیں ایک تقریب کے دوران اپنے مداحوں سے بات چیت کر رہے تھے کہ ایک شخص سے پیچھے سے آکر انہیں لات ماری۔
حملہ کرنے والے نوجوان کو پکڑ لیا گیا ہے۔
آرنلڈ شواسنیگر نے اپنے مداحوں کی جانب سے متفکر پیغامات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔‘
سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شواسنیگر جوہانسبرگ میں ایک تقریب کے دوران اپنے مداحوں کے ساتھ تصاویر بنا رہے ہیں اور ایک شخص پیچھے سے انہیں فلائنگ کک مارتا ہے۔
اگرچہ حملے میں اداکار لڑکھڑائے تاہم حملہ آور خود گر گیا۔ جسے فورا ہی سکیورٹی اہلکاروں نے دبوچ لیا۔
اس شخص کو بعد ازاں پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آرنلڈ شواسنیگر نے اپنے 40 لاکھ فالوورز کو مخاطب کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ’مجھے لگا کہ شاید مجھے ہجوم کی وجہ سے دھکا لگا ہے جو میرے ساتھ بہت ہوتا ہے۔ مجھے تو اس لات کے بارے میں تب پتا چلا جب میں نے یہ ویڈیو دیکھی۔‘
انھوں نے اپنے مداحوں سے کہا کہ وہ ایتھیلٹس کی تقریب پر دھیان دیں ناکہ اس حملے پر۔
انھوں نے ٹویٹر پر لکھا ’یہاں جنوبی افریقہ میں 90 کھیلوں کے مقابلے ہو رہے ہیں جس میں 24000 ایتھیلس ہیں جو اپنی قابلیت سے ہمیں متاثر کر رہے ہیں۔ چلیں ان کی طرف دھیان کریں۔‘
دی آرنلڈ کلاسیک افریقہ کے نام سے یہ تقریب ہر سال مئی میں ہوتی ہے جس مںی باڈی بلڈنگ اور کامبیٹ کھیل شامل ہوتے ہیں۔