گیم آف تھرونز کے نئے سیزن کی تصاویر جاری: ’سردی آ نہیں رہی۔۔۔۔ سردی آ گئی ہے!‘

وہ وقت جس کا انتظار تھا، آگیا ہے!

مشہور ڈرامہ سیریز گیم آف تھرونز کا نیا اور آخری سیزن اس سال ریلیز ہونے جا رہا ہے اور شائقین کا جوش دیدنی ہے۔ ڈرامے کے ساتویں سیزن کی آخری قسط سال 2017 میں آئی تھی جس کے بعد ڈرامے کے مداحوں کو دو سال تک اگلے سیزن کا اننظار کرنا پڑا جو کہ ایک بہت ہی تکلیف دہ عمل تھا۔

اس سیزن کی پہلی قسط اپریل کے مہینے میں آئے گی اور کُل چھ قسطیں ہوں گی۔

ایچ بی او نے نئے سیزن کی کچھ جھلکیاں تصاویر کی صورت میں ریلیز کی ہیں، جس کے بعد شائقین میں سیزن کے بارے میں دلچسپی اور تجسس بڑھ گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ لوگ یہ بھی سوچ رہے ہیں کہ کہیں اس بار بھی ہیکرز ڈرامے کی قسطوں کو مقررہ وقت سے پہلے لیک کر دیں گے!

یہ بھی پڑھیے

سپائیلر الرٹ!

اگر آپ نے ڈرامے کا ساتواں سیزن نہیں دیکھا تو آپ کو ہم یہ مشورہ دیں گے کہ آپ اس آرٹیکل کو مزید نہ پڑہیں۔

سیزن آٹھ کی جھلکیاں

ہر کوئی دیکھنا چاہتا ہے کہ جان سنو اور ڈنیریز ٹارگیریئن سکرین پر کیسے دکھیں گے۔ پچھلے سیزن میں دونوں کے بیچ بڑہتی ہوئی قربت کے پرکشش مناظر دکھائے گئے۔ اس تصویر سے بھی ہم یہ اخذ سکتے ہیں کہ ’وِنٹر‘ یقیناً آ چکا ہے۔

گذشتہ سیزن میں سرسی لینسٹر اور ان کے بھائی (اور محبوب) جیمی کے درمیان حالات کشیدہ ہو گئے تھے۔ جیمی اس بات کے حق میں نہیں تھے کہ سرسی ڈنیریز ٹارگیریئن کو دغا دیں۔ کیونکہ ان کے نزدیک شمال سے آنے والی ’وائٹ واکرز‘ کی فوج زیادہ بڑا خطرہ ہے۔

اسے طاقت کا نشہ سمجھیں یا انتقام کی وہ آگ جس نے سرسی کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، لیکن اس سیزن میں آخرکار یہ معلوم ہوجائے گا کہ کیا وہ واقعی ڈنیریز ٹارگیریئن کے ساتھ دھوکا کریں گی یا نہیں۔

قد میں چوٹے پر عقل کے اعتبار سے بزرگ ٹیرئین لینسٹر کی تصویر بھی منظر عام پر آئی ہے۔

’انٹرٹینمنٹ ٹو نائٹ‘ سے بات کرتے ہوئے یہ کردار ادا کرنے والے اداکار پیٹر ڈنکلیج نے کہا کہ آٹھواں سیزن ان کے کردار کے لیے ’خوبصورتی‘ سے اختتام پزیر ہوتا ہے۔

آریا سٹارک کے بارے میں بھی بہت سی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ اس سیزن میں وہ مزید حریفوں کا قتل کر کے اپنا انتقام مکمل کرلیں گی۔ پچھلے سیزن میں انھوں نے ڈرامے کے شاطر کردار لیٹل فنگر کو ایک حیرت انگیز اور دلچسپ سین میں قتل کر دیا تھا۔ ہمیشہ کی طرح شائقین کو بالکل اندازہ نہیں تھا کہ کچھ ایسا ہونے جا رہا ہے۔

ایک کے بعد ایک مرکزی کردار کے قتل کے بعد اب کچھ لوگوں کا یہ ماننا ہے کہ جان سنو ہی اس ڈرامے کے ہیرو ہیں۔ یہ بات تب لوگوں کے نزدیک اور پکی ہو گئی تھی جب جان مرنے کے بعد دوبارہ زندہ ہو گئے تھے۔ لیکن کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ ڈرامے کے لکھاری جارج آر آر مارٹن کا کوئی بھروسہ نہیں ہے!

اس سیزن سے یہ بھی توقع کی جا رہی ہے کہ اس میں ڈنیریز ٹارگیریئن کا ان کے مردہ ڈریگن، جو اب وائٹ واکرز کا غلام ہے، سے سامنا ہوگا۔

سانسا سٹارک کے کردار پر ماضی میں بہت تنقید ہوئی ہے کہ وہ ہمیشہ چپ چاپ ہر پلاٹ میں دوسرے کرداروں کا منہ ہی دیکھتی رہتی ہیں، لہٰذا اس سیزن بھی توقع کی جا رہی ہے کہ وہ آخرکار بُرائی کے خلاف جنگ میں کوئی موثر کردار ادا کریں گی۔

گیم آف تھرون اور اس کے اداکاروں نے پچھلے کچھ سالوں میں کئی ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں اور یہ توقع کی جا رہی ہے کہ سیریز کے اختتام کے بعد بھی ایوارڈز کی دیوی ان پر مہرباں رہے گی۔

لیکن ایک بات یقینی ہے: اس سیزن میں بہت سارے کردار اپنے حقیقی مالک سے جا ملیں گے۔

تمام تصاویر کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔