زیرو: ’ادھورے پن کو بھی کھُل کر جینے والوں کی کہانی‘

بالی وڈ کے کنگ کہلانے والے شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ ان کی نئی فلم ’زیرو‘ ایسے لوگوں کی کہانی ہے جو بظاہر محرومیوں کا شکار ہیں لیکن وہ زندگی کو بھرپور طریقے سے جینا سکھاتے ہیں۔

یہ باتیں انھوں نے بی بی سی ہندی کی مدھوپال ووہرا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہیں۔

نئی فلم زیرو کی ٹریلر میں سب سے اچھی بات ان کی اپنے کردار کے لیے کی گئی کڑی محنت نظر آتی ہے۔ اس فلم میں وہ ایک پستہ قد شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ریلیز کے موقعے پر ان کے دل و دماغ میں کیا چل رہا ہے؟ اس بارے میں شاہ رخ خان کا کہنا تھا ’ہم نے دو ڈھائی سال، 200 دن لگا کر، ساتھ میں رہ کر۔۔۔ جو وژیول افیکٹس ٹیم ہے جس میں ہزاروں لوگ ہیں سب نے بہت محنت کر کے فلم بنائی ہے۔ لیکن فلم اس لیے نہیں بنائی تھی کہ ہم لوگوں کو ان چیزوں سے متاثر کریں، وہ کہانی کی ضرورت تھی کہ ایسے پیچیدہ وژیول افیکٹس استعمال ہوں اور اتنا وقت لگے۔‘

اسی بارے میں

ان کا مزید کہنا تھا مجھے لگتا ہے۔۔۔ ایک خالی اور سُن کر دینے والا احساس ہوتا ہے اگر کسی چیز کے ساتھ تین سال رہو، اس کو آزاد کرنا ہوتا ہے، دوسرے لوگوں کی نذر کرنا ہوتا ہے، تو مجھے اس وقت خالی محسوس ہو رہا ہے۔‘

فلم کا مرکزی کردار ’بوا سنگھ' اپنے ادھورے پن کو بھی کھل کر جیتا ہے اور یہ عام طور پر دکھائے جانے والے ایسے کرداروں کی نسبت افسردہ اور دکھی انسان نہیں ہے۔ شاہ رخ کو اس کردار میں کیا چیز سب سے زیادہ پسند آئی؟

اس سوال کے جواب میں شاہ رخ خان کا کہنا تھا ’دراصل آنند سر نے بھی یہی کہا تھا کہ ہم فلم بنا رہے ہیں تین الگ قسم کے انسانوں کی، جن میں وہ سب کمی ہے جو ہر انسان کو کبھی نہ کبھی محسوس ہوتی ہے، کبھی دلی کمی، کبھی ذہنی کمی اور کبھی جسمانی کمی کہ ہم اتنے اچھے نہیں یا ہم ذیادہ خوش نہیں ہیں۔ ارے میں بہت پریشان ہوں! مجھے سکون نہیں مل رہا! اور اس چکر میں پڑ کر ہم زندگی جینا بھول جاتے ہیں۔‘

شاہ رخ نے بتایا ’ہماری فلم کے اندر ایک بہت اچھی خصوصیت یہ ہے کہ کسی بھی کردار میں اگر کوئی کمی ہے تو وہ کوئی بات آپ کو قابلِ ترس بن کر نہیں بتا رہا۔ ہم خوشی سے سکھا رہے ہیں کہ دیکھو ہم خوش ہیں۔‘

’اگر آپ میں اس طرح کی کوئی کمی ہے تو وہ ان کرداروں سے تو کم ہی ہو گی کیونکہ ہم فلم والے ہیں تھوڑا بڑھا چڑھا کر دکھا رہے ہیں، تو پلیز زندگی جینا مت چھوڑو یہ سوچ کر کہ میں یہ بن سکتا تھا، وہ بن سکتا تھا یا میرے ساتھ ایسا کیوں نہیں ہوتا؟‘

شاہ رخ کے بقول اس فلم میں بوا کا کردار ہو یا انوشکا کا سب کی کمیاں الگ الگ ہیں۔

میں اپنی فلمیں کبھی بھی نہیں دیکھتا

شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی فلمیں کبھی نہیں دیکھتے۔

’تھوڑی سی فلم یونٹ کے ساتھ دیکھ لوں گا اس کے بعد کبھی نہیں دیکھوں گا۔‘

اگر زیرو کی بات کریں تو زیرو شاہ رخ خان کی زندگی میں کیا معنی رکھتا ہے؟

شاہ کہتے ہیں ’میرا ماننا ہے کہ زیرو ابتدا سے شروع کرنے کی بات ہے۔ کبھی کوئی کام ختم ہوتا ہے، اچھا وقت ختم ہوتا ہے، برا وقت ختم ہوتا ہے تو آپ کو سمجھنا چاہیے کہ اب میں زیرو سے پھر شروع کروں گا۔‘

’میں ہمیشہ سب کو بولتا ہوں کہ آخری بار کونسی چیز تم نے پہلی بار کی تھی؟ تو میرے لیے زیرو کی وہ قدر ہے۔‘