شادی میں جوتا چھپائی کے پچاس لاکھ ڈالر!

    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

برصغیر کی شادیوں میں دولہے کے جوتا چھپائی کی رسم عام ہے اور اس کے لیے دولہا میاں کو بطور تحفہ اپنی دلھن کی بہنوں کو پیسے دینے پڑتے ہیں اور یہ رقم کہیں سو میں تو کہیں ہزار میں ہوتی ہے ۔تصور کریں کہ اگر آپ کو اس رسم کے لیے لاکھوں ڈالر ادا کرنے پڑ جائیں تو کیسا لگے گا؟

یہ سوال پرینکا چوپڑہ کے منگیتر نِک جونز سے پوچھا جانا چاہیے جن کی سالی پرینیتی چوپڑہ نے جوتا چھپائی کے لیے پانچ ملین ڈالر مانگ لیے ہیں۔

دراصل پرینکا نے ایمسٹرڈم میں شادی سے پہلے ایک پارٹی دی جس کی تصاویر پرینیتی نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیں۔ نک جونز نے پرینکا کی تصویر پر لکھا 'یہ خوبصورت لڑکی کون ہے کیا آپ ان سے میرا تعارف کروا سکتی ہیں' جس کے جواب میں پرینیتی نے لکھا 'انھیں پانا مشکل ہے اگر آپ جوتا چھپائی کے لیے پچاس لاکھ ڈالر دیں تو میں کوشش کر سکتی ہوں'۔

بیچارے نک جونز مذاق ہی مذاق میں پھنس گئے اور پرینیتی نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہتی گنگا میں ہاتھ دھو لیے۔

اس وقت میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ کیا 45 سال کی سابق حسینہ کائنات سشمیتا سین شادی کرنے والی ہیں؟

ویسے تو اس سوال کا تصدیق شدہ جواب ابھی عام نہیں کیا گیا ہے لیکن اگر سشمیتا کی انسٹا گرام پر لگنے والی تصاویر اور پوسٹ پر نظر ڈالی جائے تو شاید اس بات کی تصدیق کی ضرورت نہ پڑے کہ اس وقت سشمیتا کی زندگی بہت خوبصورت دور سے گزر رہی ہے اور وہ اپنے نئے دوست 27 سال روہمان شال کے ساتھ بہت خوش ہیں اور اپنے مداحوں کے ساتھ وہ وقتاً فوقتاً یہ خوشی بانٹ بھی رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

لیکن سوال یہ ہے کہ کیا واقعی ان کی یہ دوستی شادی کی منزل تک پہنچےگی؟ یہ اور بات ہے کہ اس بارے میں ایسی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ سشمیتا اور روہمان شال اگلے سال شادی کرنے والے ہیں لیکن سشمیتا کے مزاج کو دیکھتے ہوئے لوگ یہی کہہ رہے ہیں کہ 'دلّی دور است'۔

سوشل میڈیا پر ایک اور جوڑے کی خبریں اور تصاویر موضوع بحث بنی ہوئی ہیں اور یہ ہیں ارجن کپور اور ملائکہ اروڑہ۔

حال ہی میں اپنی 45ویں سالگرہ مبینہ طور پر ارجن کپور کے ساتھ اٹلی میں منانے کے بعد دیوالی کا جشن بھی انھوں نے ارجن کے ساتھ ہی منایا۔

ملائکہ نے ہمیشہ ہی اپنے اور ارجن کے تعلقات کو دوستی کا نام دیا لیکن حال ہی میں یہ دونوں کھلے عام پارٹیوں میں ہاتھ میں ہاتھ ڈالے نظر آتے ہیں جسے میڈیا رشتے کا نام دے رہا ہے۔ اب حقیقت کیا ہے یہ ارجن اور ملائکہ ہی جانتے ہیں۔