50 سال کی عمر کے بعد فن کی دنیا چھوڑ دوں گا: فہد مصطفیٰ

پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ کا کہنا کہ اگرچہ وہ ٹیلی وژن کے بعد فلموں میں بھی خوب نام کما رہے ہیں لیکن وہ 50 سال کی عمر کے بعد فن کی دنیا کو خیرباد کہہ دیں گے۔

فہد مصطفیٰ کی دو فلمیں ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ اور ’لوڈ ویڈنگ‘ عید الصخیٰ پر ریلیز ہو رہی ہیں۔

’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں فہد مصطفیٰ کے بالمقابل ماورا حسین بطور ہیروئین کام کر رہی ہیں جبکہ ’لوڈ ویڈنگ‘ میں ان کے ہمراہ مہوش حیات ہیں۔

بی بی سی کی فیفی ہارون سے بات کرتے ہوئے فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ اگرچہ ماورا کے ساتھ یہ ان کی پہلی فلم ہے تاہم وہ ان کے ساتھ مزید تین چار فلمیں کریں گے۔

’ان کا کہنا تھا کہ میں نے پچاس سال کی عمر تک سب کچھ کرنے کے بعد سنیاس لے لینا ہے‘۔

طرز گفتگو میں ازارہ تفنن ہندی زبان کا تڑکا لگانے پر جب ان سے پوچھا گیا کہ سنا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ وہ ہندی فلم نہ کر کے بھی وہ اس مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا ’میں نے ایسا کچھ کہا نہیں بلکہ کسی نے یہ الفاظ میرے منہ سے نکلوانے کی کوشش کی۔ میں نے تو بس ہاں میں ہاں ملا دی۔‘

’ہاں میں اوم پوری صاحب کے ساتھ ایسا کرنے کی کوشش ضرور کی۔ تھی جب وہ اردو بولنے کی کوشش کرتے تو میں ہندی میں ان سے بات کرتا۔‘

’ان کی اردو اتنی اچھی نہیں لیکن میری ہندی زیادہ اچھی تھی۔

فہد مصطفیٰ کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے ماورا حسین کا کہنا تھا کہ ’کام کرتے ہوئے ہم دونوں بہت زیادہ انوالو ہو جاتے ہیں اور اسی وجہ سے ایک مرتبہ فہد نے مجھے ڈانٹا بھی تھا جس کے بعد میں رونے لگی۔ یہ الگ کے بات کے پانچ منٹ بعد سب ٹھیک ہو گیا۔‘

اس موقع پر فہد مصطفی کا کہنا تھا کہ ڈسکشن کرنا کام کے لیے بہت ضروری ہے۔