احد رضا میر کہتے ہیں کہ ’سجل یونیک لڑکی ہے، میں اس کا فین ہوں‘

،تصویر کا ذریعہsabooraly
معروف پاکستانی اداکار احد رضا میر کہتے ہیں کہ ’سجل ایک یونیک لڑکی ہے ہم دونوں کام میں ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں۔ میں اس کا فین ہوں میری والدہ بھی سجل کی فین ہیں۔‘
اداکار آصف رضا میر کے بیٹے احد رضا میر نے اپنی پہلی فلم ’پرواز ہے جنون‘ کی نمائش کے موقعے پر بی بی سی کی فیفی ہارون سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں خوش ہوں کہ لوگوں کو میری اور سجل کی جوڑی پسند ہے۔‘
’پرواز ہے جنون‘ عید پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فورسز پر ایک ایسی فلم ہے جو احد کی عام زندگی کے بارے میں بھی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ فلم ان کی سابقہ فلم ’یقین کا سفر‘ میں ان کے کردار سے اتنی مختلف ہے جیسے زمین اور آسمان۔
احد کے مطابق ’میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ پائلٹ بنوں گا لیکن جب پہلی بار جے ایف 17 میں بیٹھا اورانجن کی آواز سنی تو میرے اندر کا بچہ بھی جاگ گیا اور میں بہت جذباتی ہو گیا۔‘
احد نے بتایا کہ اس فلم کے لیے ہامی بھرنے کے بعد ’میں نے ائیر فورس اکیڈمی کا دورہ کیا۔ وہاں موجود کیڈیٹس سے پوچھا کہ انھوں نے یہ شعبہ کیوں چنا۔ میں نے ان کے ساتھ وقت گزارا۔‘
کیا کسی کردار کی پیشکش ہونے کے بعد والد سے مشورہ لیتے ہیں؟
’کوشش کرتا ہوں کہ مشورہ نہ لوں۔ وہ چاہتے ہیں کہ میں اس معاملے میں آزاد رہوں، اپنے فیصلے خود کروں۔ بابا سے زیادہ میں امی سے اس معاملے میں بات کرتا ہوں۔
’میری والدہ بہت ہی نیک دل خاتون ہیں، زندگی میں ان سے سیکھا کہ کسی چیز پر حاکمیت نہیں جتانی۔ کسی کو دینے کا جذبہ ان سے سیکھا۔ اس کی ایک مثال ان کی جانب سے ایک مہمان بچی کو میرا پسندیدہ کھلونا دے دینا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

’میں نے کینیڈا سے فلم انڈسٹری میں آنے میں بہت بڑا خطرہ مول لیا تھا اور مجھے اس کا صلہ مل گیا ہے۔‘
احد کہتے ہیں کہ ’میں چاہتا ہوں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی یہ فلم ضرور دیکھیں۔ پاکستان کا برا تاثر ختم ہو گا۔ ان کو دیکھنا چاہیے کہ پاکستان کتنی خوبصورت جگہ ہے یہاں کے لوگ کتنے خوبصورت ہیں۔ یہاں کے آئیڈیاز کتنے خوبصورت ہیں۔ یہاں کی ائیرفورس کیسی ہے۔ یہ فلم ایک خاتون پائلٹ پر ایک فلم بنائی گئی ہے۔‘
احد کہتے ہیں کہ ’میں سوشل میڈیا پر بہت زیادہ فعال نہیں ہوں کیونکہ میں اپنے کام کو کنفیوز نہیں کرنا چاہتا۔ لیکن میں لوگوں کے تمام تبصرے دیکھتا ہوں۔ میں سب کی محبت کو محسوس کرتا ہوں اور اپنے احساسات کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔‘









