ستاروں کی چٹ منگنی پٹ بیاہ

پرینکا چوپڑا اور نک جونس گذشتہ دو ماہ سے ڈیٹ کر رہے ہیں اور اطلاعات کے مطابق نک نے پرینکا سے شادی کرنے کی خواہش کا اب اظہار کیا ہے۔

ذرائع نے پیپل رسالے کو بتایانک جونس نے کوانٹیکو کی اداکارہ پرینکا کو گذشتہ ہفتے لندن میں شادی کی خواہش کا اظہار کیا۔

اگرچہ اس حوالے سے نہ تو نک اور نہ ہی پرینکا نے اس کی تصدیق کی ہے لیکن اس کے باوجود ان کے مداح ان دونوں کو مبارکباد دے رہے ہیں۔

کیا پرینکا اور نک ہی ہالی وڈ کے دو اداکار ہیں جن کا رومانس کم عرصے رہا اور جلد ہی منگنی ہو گئی؟

جسٹن بیبر اور ہیلی بولڈون

24 سالہ پوپ سٹار کی رواں ماہ کے آغاز میں ماڈل ہیلی سے منگنی ہوئی ہے۔

اس سے قبل دونوں 2016 میں ڈیٹ کر رہے تھے اور حال ہی میں دوبارہ اکٹھے ہویے تھے۔

جسٹن بیبر نے اپنی منگنی کی خبر کی تصدیق انسٹاگرام پر کچھ ایسے کی ’ہیلی میں تمہاری محبت میں گرفتار ہوں۔ میں پوری زندگی تمہارے ساتھ بتانے کے لیے تیار ہوں۔‘

پامیلا اینڈرسن اور ٹومی لی

آج کل کے ستارے پامیلا اور ٹیما لی کے مقابلے میں کافی سدھرے ہوئے لگتے ہیں۔

پامیلا اور ٹومی نے ملنے کے کچھ روز بعد ہی شادی کر لی۔

دونوں کے دو بچے ہیں اور بعد میں پامیلا نے طلاق لے لی۔

ایریئن گرانڈ اور پیٹ ڈیوس

ایریئن نے مئی 2018 میں اپنے مداحوں کو اس وقت افسردہ کیا جب انھوں نے ریپر میک ملر سے طلاق لینے کا اعلان کیا۔

اور کچھ ہی ہفتے پیٹ ڈیوس کے ساتھ رہنے کے بعد انھوں نے اپنے مداحوں کو اس وقت حیران کر دیا جب انھوں نے پیٹ کے ساتھ منگنی کا اعلان کیا۔

مرایا کیری اور نک کینن

کیری اور کینن ایک ماہ ہی اکٹھے رہے اور اپریل 2018 میں دونوں نے شادی کر لی۔

کینن نے 2014 میں طلاق کا مقدمہ دائر کیا اور ان کی طلاق 2016 میں ہوئی۔

برٹنی سپیئرز اور کیون فیدرلین

برٹنی نے بیک اپ ڈانسر کیون سے جون 2004 میں شادی کی۔ وہ شادی سے تین ماہ قبل ہی ملے تھے۔

ان دونوں کے دو بیٹے ہیں۔ ان دونوں کی طلاق 2007 میں ہوئی اور اس کے بعد سے برٹنی نے شادی نہیں کی ہے۔

کم کارڈیشیئن اور کرس ہمفریز

کم کارڈیشیئن کی منگنی این بی اے کے کھلاڑی کے ساتھ مئی 2011 میں ہوئی اور یہ دونوں اکتوبر 2010 سے ایک ساتھ تھے۔

ان دونوں کی شادی اگست میں ہوئی اور شادی کے 72 روز بعد کم نے طلاق لے لی۔