آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
میلان فیشن شو میں سر ہاتھوں میں لیے ماڈل
میلان فیشن ویک کے ایک انتہائی عجیب شو میں گوچی کی کیٹ واک کے دوران ماڈلز اپنے ہی ہاتھوں میں اپنے سر اٹھائے نظر آئے۔
یہ مصنوعی سر ہو بہو ماڈلز کی شکل سے مماثلت رکھتے تھے، وہی سر کے بال اور وہی تاثرات جو کیٹ واک کرنے والے ماڈل کے چہروں پر تھے۔
یہ نرالا پن یہیں ختم نہیں ہوا۔ گوچی کے کریئٹیو ڈائریکٹر نے ماڈلز کو کیٹ واک پر چھوٹے ڈریگن، سانپ اور ایک کے ماتھے پر تیسری آنکھ لگا کر بھی بھیجا۔
وہاں ریمپ کو ایک آپریشن تھیئٹر کی طرح بنایا گیا تھا اور میز اور سرجیکل لائٹیں بھی لگائی گئی تھیں۔
کریئٹیو ڈائریکٹر الیگزینڈرو مشیل نے کہا کہ سروں سے شناخت ڈھونڈنے کی کوشش کو ظاہر کرنے اور ’اپنے سر اور سوچ کا خیال رکھنے‘ کی کوشش کی گئی ہے۔
سامنے والی قطار میں ووگ جریدے کی ایڈیٹر ان چیف اینا ونٹور بھی اپنا مخصوص چشمہ پہنے ہوئے نظر آئیں۔
مشیل نے کہا کہ شو کو سٹیج کرنا ایک بہت تھکا دینے والا عمل تھا۔
انھوں نے کہا کہ وہ دکھانا چاہتے تھے کہ ان کے کام میں افراتفری اور تخلیقی صلاحیت کے ساتھ ایک ربط اور ’سائنسی وضاحت‘ بھی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مشیل جنوری 2005 سے گوچی فیشن ہاؤس کے ڈائریکٹر ہیں۔
’ہمارا کام سرجیکل کام ہے: آپریشن کی میز پر کاٹنا، دوبارہ بنانا اور تجربات کرنا۔‘
اس فیشن شو میں مختلف نسلوں اور ثقافتوں سے تحریک لی گئی تھی جس میں سکھوں کی پگڑیاں، جنوبی امریکہ کے نمونے بھی شامل تھے۔
میلان فیشن ویک 27 جنوری تک جاری رہے گا۔