کسی کی رائے اس بات کا تعین نہیں کر سکتی کہ آپ کون ہیں: ماہرہ خان

،تصویر کا ذریعہANWAR AMRO
بیوٹی مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی لوریئل پیرس نے ماہرہ خان کو اپنی برانڈ ایمبیسیڈر منتخب کیا ہے۔
وہ پہلی پاکستانی ہیں جو لورئیل کی برانڈ ایمبیسیڈر بنی ہیں۔
لاہور میں ہونے والے عروسی ملبوسات کے فیشن شو کے دوران ماہرہ خان کے لیے اس اعزاز کا اعلان کیا گیا۔
انڈین اداکار رنبیر کپور کے ساتھ سامنے آنے والی تصاویر کے بعد ہونے والے تنازع کے بعد ماہرہ پہلی بار کسی عوامی تقریب میں سامنے آئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیے

سفید لباس میں ماہرہ خان انتہائی پر اعتماد انداز میں مسکراتی ہوئی ریمپ پر آئیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس موقعے پر انھوں نے بتایا کہ انہیں لوریئل کی پہلی پاکستانی ایمبیسیڈر منتخب کیے جانے پر بہت خوشی ہے۔
لوریئل پیرس کی سابقہ برانڈ ایمبیسیڈرز میں نوامی واٹس، ایوا لوگوریا اور ہیلن میرن کے علاوہ بالی وڈ اداکارؤں میں سونم کپور اور ایشویریہ رائے شامل ہیں۔
اس موقعے پر ماہرہ نے کہا کہ ’مشکلات کے دور میں، خوشی کے لمحات میں، زندگی کے اتار چڑھاؤ میں، جو غلطیاں ہم کرتے ہیں یا جو کامیابی ہمیں ملتی ہے اس دوران کسی کو بھی اس بات کا اختیار نہ دیں کہ ان کی رائے اس بات کا تعین کرے کہ آپ کون ہیں؟‘
ماہرہ کا مزید کہنا تھا ’اگر کوئی آپ کے بارے میں رائے کا اظہار کرتا بھی ہے تو آپ وہی رہیں جو آپ ہیں! میں اور کئی دوسری عورتیں ہم سب اہم ہیں‘۔
ماہرہ کی جانب سے ان کے اس پہلے ردِ عمل پر سوشل میڈیا میں ان کی کافی پذیرائی ہوئی۔
ماہرہ خان کی رنبیر کپور کے ساتھ تصاویر پر جہاں سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے واویلا کرتے ہوئے ان پر تنقید کی تھی وہیں کئی پاکستانی اور انڈین فنکاروں نے ان کی حمایت بھی کی۔










