آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
عامر خان چین کے بعد اب ترکی کی مہم پر!
بالی وڈ سٹار عامر خان چین میں اپنی کامیابی کا پرچم لہرانے کے بعد کیا اب ترکی میں اپنی شناخت بنانے کے لیے کوشاں ہیں؟
گذشتہ روز انھوں نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات کی ہے۔ ترکی کے صدر کے دفتر نے اس ملاقات کی ایک تصویر جاری کی ہے۔
عامر خان اپنی فلم ’سیکرٹ سپرسٹار‘ کی تشہیر کے سلسلے میں ترکی کے دورے پر ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وہ گذشتہ ہفتے استنبول آئے تھے۔
سنیچر کے روز ترکی کے ایوان صدر کے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل ’ترکی پریسیڈنسی‘ پر ایک تصویر پوسٹ کی گئی جس میں عامر خان اور صدر اردوغان نظر آ رہے ہیں۔
یہ ملاقات دارالحکومت انقرہ میں ہوئی اور اس تصویر کے ساتھ یہ لکھا گیا: 'صدر اردوغان ایوان صدر میں اداکار عامر خان کا استقبال کرتے ہوئے۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس ملاقات کو اخلاقی اور خیرسگالی کی رسمی ملاقات کہا جا رہا ہے۔ صدر رجب طیب اردوغان سے قبل عامر خان نے ترکی کے وزیر ثقافت اور سیاحت نعمان قرتلمش سے ملاقات کی تھی۔
خیال رہے کہ عامر خان کی فلم ’سیکرٹ سپرسٹار‘ ترکی میں بھی ریلیز کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل عامر خان چین میں اپنی فلموں کی پروموشن کر چکے ہیں۔ ان کی فلم ’تھری ایڈیئٹس‘ اور ’پی کے‘ کی مقبولیت کے بعد فلم دنگل کی پروموشن کے لیے عامر خان کئی بار چین گئے تھے اور وہ وہاں کی سوشل میڈیا ویئیبو پر انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی سے زیادہ مقبول ہیں۔
اپنی آنے والی فلم میں عامر خان موسیقی کے سپرسٹار کا کردار ادا کررہے ہیں جو ایک نوجوان مسلم لڑکی کے خوابوں کو پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
فلم ’دنگل‘ سے سرخیوں میں آنے والی کشمیر کی اداکارہ زائرہ وسیم اس فلم میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
زائرہ ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں جو برقع پہننے کے باوجود انٹرنیٹ پر سنگنگ سینسیشن بن جاتی ہیں۔
ادویت چندن کی ہدایت والی فلم 'سیکرٹ سپرسٹار' ہندوستان میں 20 اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔