آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’میری کتاب میرے مرنے کے بعد شائع کی جائے‘
- مصنف, سپریا سوگلے
- عہدہ, بی بی سی ہندی
خواتین کے حقوق اور انھیں با اختیار بنانے کے موضوع پر بنائی جانے والی فلم ’دنگل‘ کے بعد جسے انڈیا کے ساتھ ساتھ چین میں بھی کافی پذیرائی ملی ہے، اب اداکار اور ہدایتکار عامر خان نے ایسے ہی موضوع پر ایک اور فلم ’سیکریٹ سپر سٹار‘ بنائی ہے۔
عامر خان جو کہ فلمی صنعت میں کافی تسلسل کے ساتھ ہٹ فلمیں دینے کے لیے جانے جاتے ہیں کے خیال میں کسی بھی فلم پر کوئی سپر سٹار اثر انداز نہیں ہو سکتا۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ ’فلم کی ناکامی یا کامیابی کا سہرا سپر سٹار کے سر نہیں جاتا، ’پی کے‘ جیسی فلم میری وجہ سے ہٹ نہیں ہوئی بلکہ وہ فلم اچھی تھی‘۔
’سپر سٹار فلموں پر اثر انداز نہیں ہوتے بلکہ فلمیں اداکاروں کو سپر سٹار بناتی ہیں۔ سپر سٹار تو صرف اوپننگ کرتے ہیں لیکن فلم تب تک ہٹ نہیں ہوتی جب تک وہ اچھی نہ ہو‘۔
عامر خان کی والدہ نے انھیں یہ کہہ کر خبرادار کیا تھا کہ کوئی بھی سپر سٹار فلمی دنیا میں صرف سات سے آٹھ سال تک ہی رہتا ہے۔ ان کی والدہ چاہتی تھیں کہ وہ کاروباری دنیا میں جائیں کیونکہ وہاں ناکام ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
بالی وڈ سٹار عامر خان ایک اچھے سکرپٹ کی تلاش میں ہیں تاکہ وہ شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ کسی فلم میں کام کر سکیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا ہے کہ وہ ’ٹھگز آف ہندوستان‘ میں امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے پر انتہائی خوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنا اور انھیں کام کرتے ہوئے اتنے قریب سے دیکھنا بہت ہی اچھا تجربہ ہے‘۔
عامر خان ملک کے بہت سے سماجی مسائل پر کام کر چکے ہیں، تاہم وہ یہ فیصلہ کر چکے ہیں کہ وہ کبھی بھی سیاست میں قدم نہیں رکھیں گے، کیونکہ ان کے بقول انھیں معاشرے میں ابھی بہت سے کام کرنے ہیں۔
عامر خان اپنے زندگی پر ایک کتاب بھی لکھنا چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے ان کی ایک شرط ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ’میں کتاب لکھوں گا اور اپنے وکیل سے کہہ دوں گا کہ جب میں اس دنیا میں نہ رہوں تو پھر اس کتاب کو تب شائع کیا جائے‘۔
’جب یہ کتاب شائع ہو تو میں موجود نہیں ہونا چاہتا‘۔
عامر خان کے خیال میں ان کی کہانی کچھ زیادہ دلچسپ نہیں اور لوگ ان کے بارے میں جانتے ہیں اس لیے ان کی خواہش ہے کہ ان کی آپ بیتی 50 یا 100 سال بعد بنائی جائے۔
اپنے 30 سالہ فلمی کریئر میں عامر خان نے بہت کچھ کھویا اور بہت کچھ پایا ہے۔ کھوئی ہوئی چیزوں کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’میں کام کے وقت اپنے خاندان کو ترجیح نہیں دیتا۔ میرا کام ہی میری ترجیح ہوتی ہے، جو مجھے تکلیف دیتا ہے۔ میرا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے جنہیں فراموش نہیں کر سکتا، اور وہ اس لیے کہ میرا رشتہ ان کے ساتھ بہت گہرا اور اچھا ہے‘۔
عامر خان کو ’سیکریٹ سپر سٹار‘ میں ایک موسیقار کے کردار میں دیکھا جائے گا۔ یہ فلم 19 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔