آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کاسمیٹکس کمپنی لوریئل کی مالکن انتقال کر گئیں
کاسمیٹکس کی مشہور کمپنی لوریئل کی مالکن لیلیئن بیٹنکورٹ 94 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
ان کے خاندان والوں نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ ان کی موت رات کو ہوئی۔
ایک اندازے کے مطابق 2017 میں لیلیئن کے پاس 40 ارب ڈالر دولت تھی اور وہ دنیا کی امیر ترین خاتون تھیں۔
انھوں نے لوریئل کمپنی کے بورڈ سے 2012 میں استعفیٰ دیا اور اس کے بعد سے وہ کبھی کبھار ہی تقریبات میں نظر آتی تھیں۔ تاہم ان کو بھولنے کی بیماری ہو گئی تھی اور اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی اور اسی کیس کے حوالے سے وہ خبروں میں رہیں۔
لیلیئن اور ان کی بیٹی بیٹنکورٹ میئرز کے درمیان 2007 میں تنازع کھڑا ہو گیا تھا جس کو کافی شہرت ملی۔
ان کی بیٹی نے عدالت میں کیس کیا کہ ان کی والدہ کی بیماری کے باعث ان کے آس پاس کے لوگ ان سے مالی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
اس بات کا انکشاف ہوا کہ 2008 میں بینیئر نامی ایک فوٹو گرافر نے لیلیئن کے ساتھ دوستی کی اور لیلیئن نے فوٹوگرافر کو لاکھوں ڈالر کے تحائف بشمول پکاسو کی پینٹنگ اور سیشلز میں 670 ایکڑ کا جزیرہ دیا۔
میئرز نے کہا کہ انھوں عدالت سے بینیئر کے خلاف اس وقت رجوع کیا جب ان کو گھر کے ملازموں سے معلوم چلا ان کی والدہ بینیئر کو گود لینے کا سوچ رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیلیئن اور میئرز نے 2010 میں اپنے تنازعات حل کیے اور فرانسیسی جج نے فیصلہ دیا کہ لیلیئن کی صحت کے باعث ان کی دیکھ بھال ان کا خاندان کرے۔
لیلیئن کے والد نے 1909 میں لوریئل کے نام سے بال رنگنے کی کمپنی کھولی تھی جو بعد میں کاسمیٹکس کی بہت بڑی کمپنی بن گئی۔