آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
تقسیم کی غلطياں سدھارے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے: ہما قریشی
'گینگز آف واسیپور'، 'ڈیڑھ عشقیہ' اور 'جولی ایل ایل بی 2' جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ ہما قریشی انڈین نژاد برطانوی ہالی وڈ ڈائریکٹر گرندر چڈھا کی تقسیم پر بنائی جانے والی فلم 'پارٹيشن 1947' میں نظر آئیں گی۔
ہما قریشی کا کہنا ہے کہ ملک کی ترقی کے لیے آج کے دور میں تقسیم کی غلطیوں کو سمجھنا ضروری ہے۔
بی بی سی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ہما قریشی نے سنہ 1947 میں ہونے والی تقسیم کے بارے میں کہا کہ ’آج ہماری آزادی کو 70 سال ہو گئے ہیں۔ بطور انڈین ہمیں تقسیم کے بارے میں جاننا ضروری ہے۔ اس کہانی میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح سے سیاست کے وجہ عام لوگ تقسیم ہوئے۔ اگر تقسیم کی غلطياں نہیں سدھاریں گے تو آگے نہیں بڑھیں گے۔‘
ہما قریشی کا خیال ہے کہ آج انڈیا، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ایک کشیدگی کی صورتحال رہتی ہے لیکن جو ملک (برطانیہ) اس تقسیم کا ذمہ دار ہے اس کے ساتھ سب کے تعلقات اچھے ہیں۔
انھوں نے واضح کیا کہ وہ کسی ملک پر الزام نہیں لگا رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ 'جب آپ تاریخ سمجھیں گے تو پتہ چلے گا کہ بغیر کسی اصل مسئلے کے ملک کا بٹوارہ کر دیا گیا تھا۔ یہ سب کے لیے سبق چھوڑ گیا ہے جس سے سیکھنا چاہیے۔'
ہما قریشی نے تسلیم کیا کہ آج کے دور میں 'نفرت کی سیاست' بہت بڑھ گئی ہے۔
’بطور انڈین ہمیں اپنی آزادی کا احترام اور اس کی قدر کرنی چاہیے بلکہ ایسے معاشرے کی تعمیر ضروری ہے جس میں ہر مذہب کے لوگ مل جل کر رہیں اور جو انڈیا کی خاصیت ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اپنی پہلی ہالی وڈ فلم کے لیے پرجوش ہما کو خوشی اور فخر ہے کہ انھیں اپنا ہر فلمی کردار آڈیشن کے ذریعے ملا ہے۔ انھیں یہ ہالی وڈ فلم بھی آڈیشن کے ذریعے ملی ہے۔
ہما قریشی جنوبی انڈیا کے سپر سٹار رجنی کانت کے ساتھ فلم 'سیاہ' میں بھت نظر آئیں گی۔
اپنی اس کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے ہما کہتی ہیں کہ 'یہ میرے لیے بڑے اعزاز اور خوش قسمتی کی بات ہے کہ میں رجنی جی کے ساتھ کام کر رہی ہوں۔ وہ بہت ہی شائستہ انسان ہیں۔ پہلی ملاقات میں جب انھوں نے مجھے کہا کہ انھیں خوشی ہے کہ میں بھی فلم کا حصہ ہوں تو ان کے ان الفاظ سے میں دو دن تک بس خوشی کے آغوش میں تھی۔'
گرندر چڈھا کی ہدایات میں بننے والی فلم 'پارٹیشن 1947' 18 اگست کو ریلیز ہو گی۔