آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شریا گھوشال ’چکنی چنبیلی‘ جیسے گانے کیوں نہیں گائيں گی؟
- مصنف, سپریا سوگلے
- عہدہ, بی بی سی ہندی
انڈیا کی معروف گلوکارہ شریا گھوشال نے ہی رتیک روشن کی فلم 'اگنی پتھ' کا مقبول گیت'چکنی چنبیلی' گایا تھا جس میں قطرینہ کیف اپنے فن کے جلوے بكھیرتی نظر آئی تھیں۔
لیکن اس گانے کے بعد گھوشال نے طے کیا کہ وہ اب ایسے گانوں سے دور رہیں گی۔
بی بی سی کے ساتھ خصوصی بات چیت میں شریا گھوشال نے کہا کہ ’چکنی چنبیلی‘ ان کے لیے ایک میوزیکل تجربہ تھا جو پھوہڑپن کے آخری کنارے پر تھا۔
انھوں نے بتایا کہ اس نغمے کے دو مصرعوں پر انھیں اعتراض تھا اور فلم کے پروڈویسر کرن جوہر نے بھی ان سے اتفاق کیا تھا اور پھر اسے گانے سے خارج کر دیا گیا۔
شریا کہتی ہیں کہ ’ہر چیز کی ایک حد اور معیار ہوتا ہے۔ چنبیلی کے بعد بھی مجھے اسی طرح کے کئی گانے ملے جن کے الفاظ سنتے ہی مجھے لگا کہ میں یہ نہیں گا پاؤں گی اور اسی لیے میں نے بہت سے نغموں کو ٹھکرا دیا۔'
وہ آگے کہتی ہے کہ ' ہمارا ملک ابھی بھی ترقی کر رہا ہے اور خواتین سے منسلک بہت سے مسائل ہیں۔ عزت و احترام جیسے بنیادی حقوق بالکل نہ کے برابر ہیں۔ میرے گائے ہوئے گیت 16 سال سے کم عمر کے چھوٹے بچے بھی سنتے ہیں، اگر ایسے گانوں کم میں نے آواز دی تو وہ بھی یہ نغمے گائیں گے۔ پھر ان کو خواتین کو ’ابجیکٹی فائی‘ کرنا درست لگے گا۔ کہیں نہ کہیں یہ بچوں کے ذہن میں نقش ہو جائے گا۔ میں بطور فنکار ایک ذمہ داری محسوس کرتی ہوں لہذا ایسے گانوں سے دور رہتی ہوں۔‘
شريا گھوشال نے اپنے کیریئر میں صرف دو ایسے گانے گائے ہیں۔ 'چکنی چنبیلی' اور ’ڈرٹی پکچر‘ فلم کا گیت ' او لا لا او لا لا'، ان گانوں کو وہ مزاحیہ سمجھتی ہیں۔
ریئیلٹی شو میں بچوں کی شرکت کے حوالے سے فلم انڈسٹری میں اختلافات پائے جاتے ہیں۔ لیکن موسیقی سے منسلک ریئیلٹی شو کا حصہ رہنے والی شريا گھوشال ایسے پروگراموں کا دفاع کرتے ہوئے کہتی ہیں: ’ریئیلٹی شوز بہت اچھے پلیٹ فارم ہیں۔ یہاں لوگ اپنا ہنر دکھا سکتے ہیں اور ٹی وی کے ذریعے کروڑوں لوگوں تک پہنچ سکتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انڈيا میں اب میوزک انڈسٹری فلم انڈسٹری پر منحصر ہے تاہم شریا اسے بہت افسوس ناک بات قرار دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ساری کوشش اور محنت ایک ہی انڈسٹری پر لگا دیں گے تو دوسری انڈسٹری کی ترقی کس طرح ہو گی؟
شريا گھوشال جلد ہی ’دھڑکنیں آزاد ہیں‘ سے بطور پروڈيوسر فلمی صنعت میں قدم رکھنے والی ہیں۔
ان کا خیال ہے کہ لوگ موسیقاروں اور گلوکاروں کو بھی دیکھنا چاہتے ہیں لیکن انھیں وہ موقع نہیں مل پاتا ہے۔ انھیں یقین ہے کہ ان کے اس قدم سے دوسرے لوگوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوں گی۔