اداکار جانی ڈیپ کا سوال: ’آخری بار کب ایک اداکار نے کسی صدر کو قتل کیا؟‘

گلاسٹینبری فیسٹیول کے دوران خطاب کرتے ہوئے ہالی وڈ اداکار جونی ڈیپ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بظاہر دھمکایا ہے، جس کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر انھیں شدید رد عمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انھوں نے اپنے خطاب کے دوران وہاں موجود شرکا سے سوال کیا کہ ’کیا آپ ٹرمپ کو یہاں لا سکتے ہیں؟

ہجوم کی جانب سے قہقہوں کے بعد جونی ڈیپ نے کہا کہ ’ آپ بالکل غلط سمجھے ہیں۔ آخری بار کب ایک اداکار نے کسی صدر کو قتل کیا؟‘

ہالی وڈ سٹار نے یہ تسلیم کیا ہے کہ ان کے یہ الفاظ متنازع ہو سکتے ہیں۔ ایسا خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کا یہ بیان سنہ 1865 میں اداکار جان ولکس بوتھ کے ہاتھوں صدر ابراہم لنکن کے قتل کے تناظر میں ہو سکتا ہے۔

جونی ڈیپ نے مزید کہا کہ ’یہ پریس میں جانے والا ہے جو کہ بہت ہی بھیانک ہو گا، یہ تو صرف ایک سوال تھا میں کسی جانب متوجہ نہیں کروا رہا تھا۔‘

ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بہت سے لوگ ان پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔

بعض صارفین کا کہنا ہے کہ جونی ڈیپ کی فلموں کا بائیکاٹ کیا جانا چاہیے۔

ٹوئٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ ’کیا جونی ڈیپ کی مینجمینٹ اب بھی ان کی نمائندگی کرے گی، ان کی جانب سے قتل کی دھمکی کے بعد بھی؟‘

ایک اور صارف نے پہلے تو جونی ڈیپ کے ہی سوال کو دہرایا کہ ’آخری بار کب ایک اداکار نے کسی صدر کو قتل کیا؟‘ اور پھر خود ہی اس کا جواب دیتے ہوئے لکھا: ’شاید اسی وقت جب آپ آخری بار کسی اچھی فلم میں آئے تھے۔‘

اسی طرح ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’جونی ڈیپ صدر ٹرمپ کو مارنا چاہتے ہیں، ان سب سلیبرٹیز کو ہو کیا گیا ہے ؟‘

’’آخری بار کب ایک اداکار نے کسی صدر کو قتل کیا؟ جونی ڈیپ آپ نے مجھے مایوس کیا۔ جائیں کسی اور خاتون پر تشدد کریں۔‘

ٹوئٹر پر ہی ایک اور صارف نے جونی ڈیپ کے ان الفاظ کے بارے میں لکھا: ’ناکام اداکار جونی ڈیپ تشدد کو ہوا دے رہے ہیں اور امریکہ کے صدر کو قتل کرنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ شاید اب وقت آگیا ہے۔‘

فیسٹیول میں ان کے خطاب کے بعد ان کی ایک مداح بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اپنے پسندیدہ اداکار کی سیاست پر تبصرہ کرنے کے بجائے ان سے ملنے کے لیے زیادہ بیتاب تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ مجھے کیا کہنا ہے ۔ میں مرنے والی ہوں۔ وہ میرے قریب آئے اور انھوں نے میرا ہاتھ چھوا، مجھے نہیں معلوم کہ میں کیا کروں۔‘