امیتابھ کے مندر میں نیا مجسمہ

    • مصنف, مرزا اے بی بیگ
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی

بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کے مندر میں گذشتہ روز ان کا ایک نیا مجسمہ لگایا گیا ہے جو کہ ان کے قد کے تقریباً برابر ہے۔

ان کے مداحوں نے ایک عرصہ قبل کولکتہ میں ان کا ایک مندر بنایا تھا جہاں وہ ان کی زیارت کے لیے جاتے ہیں اور ان کی پوجا کرتے ہیں۔

انڈین خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ مجسمہ ان کی فلم 'سرکار-3' کی ریلیز کے موقعے پر آل بنگال امیتابھ بچن فینز ایسوسی ایشن کی جانب سے لگایا گیا ہے۔

اس انجمن کے سیکریٹری سنجے پٹوڈیا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا: 'ہم نے امیتابھ بچن کے مندر میں پوجا پاٹ کے بعد ان کی فلم کی کامیابی کے لیے ان کی مورتی قائم کی ہے۔ یہ مورتی ان کے قد سے قدرے اونچی ہے تاکہ نظروں میں زیادہ جچے۔ اور ہاتھ کی لمبائی میں بھی اضافہ کیا ہے۔'

پٹوڈیا نے بتایا کہ انھوں نے اس مندر کو 2001 میں قائم کیا تھا اور انھوں نے 'امیتابھ بچن سے اس سلسلے میں رابطہ نہیں کیا کیونکہ وہ خود کو انسان سمجھتے ہیں۔ لیکن ہم لوگ انھیں بھگوان مانتے ہیں۔'

انڈیا میں سٹارز کے لیے مندر کی تعمیر کوئی نئی بات نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ تنڈولکر سے لے کر اداکارہ خوشبو کے نام کے مندر ملک کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے ہیں۔

پہلے اس قسم کی چیزیں جنوبی ہند میں پائی جاتی تھیں لیکن اب یہ ملک کے دوسرے حصوں میں بھی پائی جانے لگی ہیں۔

معروف صحافی مدھوکر اپادھیائے بتاتے ہیں کہ جنوبی ہند میں مورتی پوجا کے خلاف ایک تحریک چلائی گئی تھی جس کے نتیجے میں بے شمار مندر ویران ہو گئے اور وہاں کے لوگوں کی زندگی میں ایک خلا پیدا ہو گیا۔ ان سٹارز سے منسوب مندروں کا سامنے آنا اسی خلا کا پر ہونا ہے۔

اس کے بعد یہ عام بات ہو جاتی ہے اور پھر مقابلے میں بھی لوگ مندر بنانے لگتے ہیں۔ جیسا کہ جنوبی ہند کے معروف اداکار اور سیاست داں ایم جی آر کا مندر اور پھر اس کے بعد تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلیٰ کرونا ندھی کا مندر۔

کرونا ندھی کا مندر ان کے ایک عقیدت مند سیاست داں نے ویلور میں تعمیر کروایا ہے۔

اداکارہ خوشبو کے نام کا مندر تمل ناڈو کے ٹریچیراپلی میں قائم ہے اور اداکارہ نے اس پر حیرت اور خوف دونوں کا اظہار بھی کیا ہے۔ بہر حال ان کی 'شادی سے پہلے سیکس' کے بیان پر بہت سے ان کے مداح ناراض ہوئے تھے اور اطلاعات کے مطابق ان کے مندر کو نقصان پہنچا تھا۔

خیال رہے کہ خوشبو کے علاوہ ممتا کلکرنی، نمیتھا، پوجا اوما شنکر کے نام پر بھی مندر کی باتیں کی جاتی ہیں لیکن ان کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کے نام پر جب مندر کا قیام عمل میں آیا تھا تو انھوں نے افسوس کا اظہار کیا تھا۔ یہ مندر ان کی آبائی ریاست کے ایک گاؤں کوٹھریا میں قائم کیا تھا۔

اسی طرح کانگریس پارٹی کے ایک رہنما پی شنکر راؤ نے نئی ریاست تلنگانہ کے قیام کے فیصلے پر کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے تقریباً پونے تین میٹر اونچے مجسمے کے ساتھ ایک مندر قائم کیا تھا۔ انڈیا میں مہاتما گاندھی، اندرا گاندھی، این ٹی راما راؤ وغیرہ کے نام کے مندر ہیں۔

انڈیا کی شمال مشرقی ریاست بہار کے بھوبھوا ضلعے میں بھوجپوری فلم کے معروف اداکار منوج تیواری نے باقاعدہ پوجا پاٹ کے ساتھ 2013 میں کرکٹ کے لیجنڈ سچن تنڈولکر کے مجسمے کی رونمائی کی تھی۔ یہ مندر اترولیا گاؤں میں قا‏ئم کیا گیا تھا۔

بی بی سی کی تمل زبان کی نامہ نگار پرمیلا کرشنن نے بتایا کہ تمل ناڈو کی سابق وزیر اعلیٰ جے للتا کی موت کے فورا بعد ان کے نام پر ایک مندر وجود میں آیا ہے۔

امیتابھ بچن کے مندر میں فلم 'عکس' میں استعمال ہونے والی ایک کرسی ہے جس پر ان کی تصویر لگی ہے اور اس پر 'گاڈ' لکھا ہوا ہے۔ اس کے نیچے ان کے فلم 'اگنی پتھ' میں استعمال شدہ سفید جوتے کی ایک جوڑی ہے جبکہ ایک کمرے میں ان کے بے شمار پوسٹرز آویزاں ہیں۔

اس چھ فٹ دو انچ بلند اور 25 کلوگرام وزنی مجسمے کو سبرت بوس نے تیار کیا ہے۔ سنجے پٹوڈیا نے بتایا کہ 'سبرت بوس خود امیتابھ کے بہت بڑے مداح ہیں اور انھوں نے اس مجسمے پر آنے والے خرچ سے ایک پیسہ زیادہ نہ لینے کی بات کہی ہے۔'