آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
فاسٹ اینڈ فیوریئس سیریز کی نئی فلم کا باکس آفس پر نیا ریکارڈ
فاسٹ اینڈ فیوریئس فرینچائز کی آٹھویں فلم 'فیٹ آف دی فیوریئس' نے ٹکٹوں کی فروخت سے آمدن کے حوالے سے باکس آفس پر نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
اس فلم نے ایسٹر کی ہفتہ وار چھٹی کے تین دن میں مجموعی طور پر دنیا بھر میں 53 کروڑ ڈالر کا کاروبار کیا ہے۔
فلم ریلیز ہونے کے بعد پہلی ہفتہ وار چھٹی پر سب سے زیادہ رقم کمانے والی فلم کا ریکارڈ اس سے پہلے سٹار وارز : دی فورس اویکنز کے پاس تھا جس نے 52 کروڑ ڈالر کمائے تھے۔
لیکن امریکہ میں فلم فیٹ آف دی فیوریئس کی شروعات اتنی اچھی نہیں تھیں جتنی اس فرینچائز کی سابقہ فلموں کی رہی ہے۔
2015 میں ریلیز ہونے والی فیوریئس 7 نے 14 کروڑ ڈالر کمائے تھے جبکہ موجودہ فیوریئس 8 نے صرف 10 کروڑ ڈالر کا کاروبار کیا۔
کم آمدنی کے باوجود امریکی باکس آفس پر فیٹ آف دی فیوریئس کی آمدنی اس ہفتہ وار چھٹی پر ہونے والی مجموعی آمدنی کا دو تہائی حصہ تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فیٹ آف دی فیوریئس کے بعد دوسرے نمبر پر باس بے بی تھی جس نے ڈیڑھ کروڑ ڈالر کا کاروبار کیا۔
فاسٹ اینڈ فیورئیس فرینچائز سنہ 2001 میں شروع ہونے والی ایکشن سے بھرپور فلموں کی سیریز ہے جس میں فلم کی کہانی گاڑیوں کی ریسنگ اور ان کے تعاقب، اور کامیاب ڈاکے ڈالنے کے گرد گھومتی ہے۔
فیٹ آف دی فیوریئس کی سب سے زیادہ آمدنی چین میں ہوئی جہاں تین دن میں فلم نے 19 کروڑ ڈالر کا کاروبار کیا۔
اس فرینچائیز کی ہر فلم میں کام کرنے والے اداکار وین ڈیزل نے کہا کہ وہ ’بہت شکرگزار اور احسان مند‘ ہیں اور اس کامیابی سے خود کو بہت خوش قسمت سمجھتے ہیں۔'
فیٹ آف دی فیوریئس میں وین ڈیزل کے علاوہ شارلیز تھیرون، ٹائیریز گبسن اور لوڈاکرس نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ اس فرینچائز کی مزید دو فلمیں 2019 اور 2021 میں ریلیز کی جائیں گی۔