بالی وڈ راؤنڈ اپ: سنی لیونی رام گوپال ورما پر بھاری پڑ گئیں

سنی لیونی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسنی لیونی نے بار ہا اپنے جواب میں شائستگی قائم رکھی ہے
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

بالی وڈ میں رواں ہفتہ ویمنز ڈے یعنی یومِ خواتین کے نام رہا اور اس کا سہرا فلمساز رام گوپال ورما کے سر ہوگا جنھوں نے یومِ خواتین کے موقعے پر تمام خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے انھیں ہدایت کی کہ وہ بھی سنی لیونی کی طرح لوگوں میں خوشیاں بانٹیں۔

رامو کی اس ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا پھر سرگرم ہو گیا اور لوگوں نے رامو کو بہت لتاڑا۔ کسی نے انھیں انھی کی ماں بہن کی دہائی دی تو کسی نے انھیں گھٹیا پبلسٹی بٹورنے والا کہا۔

ان سب میں خود سنی لیونی کا جواب قابلِ ستائش رہا۔ سنی نے ایک ویڈیو میں یومِ خواتین کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 'معاشرے میں تبدیلی تبھی آتی ہے جب ہم یک زباں ہوں اور لفظوں کا انتخاب سمجھداری سے کیا جانا چاہیے۔'

تمام بحث میں دو چیزوں پر غور کرنا ضروری ہے ایک تو یہ کہ رام گوپال ورما نے کس ذہینیت کے نتیجے میں سنی لیونی کا حوالہ دیا دوسرے یہ کہ جو لوگ اسے گھٹیا کہہ رہے ہیں کیا ان کے خیال میں سنی لیونی کی زندگی سے مشابہت قابلِ تضحیک ہے۔

رام گوپال ورما

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنرام گوپال ورما فلم ساز ہیں لیکن ایک عرصے سے ناکامیوں کا منھ دیکھ رہے ہیں

سوال یہ ہے کہ جب سنی کو اپنے ماضی پر کسی طرح کی شرمندگی نہیں تو ان کے ماضی یا کردار پر سوالیہ نشان لگانے کا حق کسی کو کیوں ہو اور رہی بات رامو کی تو اپنی آنے والی فلم 'سرکار تھری' کی پبلسٹی کے لیے انھوں نے ایک بار پھر سنی لیونی پر ہاتھ صاف کرنے کی کوشش کی ہے۔

ویسے لگتا ہے کہ ابھی رامو کا پیٹ نہیں بھرا تھا کہ انھوں نے ٹائیگر شروف کو بھی نشانہ بنا ڈالا۔ ایک میگزین کے سرورق پر ان کی تصویر دیکھنے کے بعد ایک ٹویٹ میں رام گوپال ورما نے کہا کہ 'ارمِلا کے انداز میں تصویر نہ بنوایا کرو اور اپنے پاپا سے مردانگی کا سبق لو۔'

ٹائیگر نے تو ان کی اس ٹویٹ کے جواب میں انتہائی مؤدبانہ انداز میں کہا کہ 'میں کتنی بھی کوشش کرلوں اپنے پاپا جیسا نہیں بن سکتا کیونکہ وہ اصلی ہیرو ہیں اور جہاں تک رام گوپال ورما کا تعلق ہے وہ ایک سینیئر فلمساز ہیں اور ہر کسی کو بولنے کی آزادی ہے۔'

لیکن سونم کپور کہاں چپ بیٹھنے والی تھیں۔ وہ خود کو روک نہیں سکیں اور جھٹ سے ٹویٹ کر ڈالا 'ٹائیگر کو شکر ادا کرنا چاہیے کہ وہ رام گوپال ورما کو پسند نہیں کیونکہ رامو جس کو نہ پسند کریں وہ کامیاب رہتے ہیں۔'

کنگنا رناوت اور کرن جوہر

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنکنگنا نے کرن کے ٹی وی شو میں انھیں ’مووی مافیا‘ کہا تھا

کنگنا اور تنازع

کنگنا راناوت اور تنازعات کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ کرن جوہر کے ساتھ ان کی نوک جھونک میں اب دوسرے لوگوں نے بھی کودنا شروع کر دیا ہے۔

کنگنا نے کرن پر اقربا پروری کرنے اور 'مووی مافیا' ہونے کا الزام لگایا تو کرن نے کنگنا پر 'بیچارگی' اور 'وومن کارڈ کھیلنے' کا الزام لگایا۔

کنگنا نے کرن کے ان الزامات کا جرات کے ساتھ جواب دیا لیکن اب اس بیگانی شادی میں کئی دیوانے عبداللہ بھی شامل ہو گئے ہیں۔

ان میں سب سے پہلے ماضی کے 'فلاپ' اداکار اور ٹی وی میزبان شیکھر سمن بھی شامل ہیں جن کے بیٹے ادھیان سمن بھی کنگنا کے سابق بوائِے فرینڈ ہونے کا دعوی کرتے ہیں۔

یہاں 'دشمن کا دشمن دوست' والی کہاوت صحیح ہوتی نظر آ رہی ہے۔ موقع دیکھتے ہی شیکھر نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے کنگنا کو منہ بند رکھنے کا مشورہ دے ڈالا۔

تاپسی پنوں

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنتاپسی پنوں کو فلم پنک میں اداکاری سے شہرت ملی ہے

بات یہیں آ کر نہیں رکی اداکارہ تاپسی پنوں بھی اس بحث میں بغیر پوچھے کود پڑیں اور کہہ دیا کہ بالی وڈ میں کوئی اقربا پروری نہیں ہوتی۔

تپسی پنوں کی اس بات سے مجھے یہ کہاوت یاد آرہی ہے۔ 'شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار۔'