آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ویزہ پالیسی، ایرانی اداکارہ کا آسکرز کے بائیکاٹ کا اعلان
ایران کی اداکارہ ترانے علی دوستی نے اعلان کیا ہے کے نئے امریکی صدر کے 'نسل پرست' ویزا اقدامات کی وجہ سے وہ آسکر ایوارڈ کی تقریب کا بائیکاٹ کر رہی ہیں۔
ترانے علی دوستی نے فلم دی سیلزمین میں اہم کردار ادا کیا تھا اور یہ فلم آسکر ایوارڈ میں بہترین غیر ملکی زبان میں بنائی جانے والی فلم کے لیے نامزد ہوئی ہے۔
انھوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا: 'ٹرمپ کا ایرانیوں پر ویزہ کی پابندی لگانا ایک نسل پرست قدم ہے۔ چاہے یہ کسی ثقافتی تقریب کے لیے لاگو ہو یا نہیں، میں اکیڈمی ایوارڈ 2017 میں بطور احتجاج شرکت نہیں کروں گی۔'
آسکر ایوارڈ کی تقریب اگلے ماہ کی 26 تاریخ کو منعقد ہوگی۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ غیر ملکی زبان میں بنے والی فلم میں کام کرنے والے فنکاروں کو آسکر ایوارڈ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے یا نہیں۔
یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں کہا تھا کے وہ مسلم ممالک کے شہریوں کا امریکہ میں داخلہ مکمل طور پر ختم کر دیں گے لیکن حال ہی میں اے بی سی نیوز کو انٹرویو میں انھوں نے کہا وہ مسلمانوں پر پابندی کے بجائے ان ممالک پر پابندی لگائیں جہاں سے 'زبردست دہشت گردی' کا خدشہ ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایک آٹھ صفحہ کے مسودے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ صدر ٹرمپ بہت جلد ایک اعلان کے ذریعے سات مسلم ممالک کے باشندوں پر 30 دن کے لیے ویزا جاری کرنے پر پابندی لگا دینگے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اخبار نیو یارک ٹائمز میں شائع ہونے والے اس مسودے میں جن ممالک کے نام ہیں ان میں ایران بھی شامل ہے۔
البتہ وائٹ ہاؤس نے اس دستاویز پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔