آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’آپ بہت یاد آئیں گے‘
معروف انڈین اداکار اوم پوری آج یعنی جمعے کو اپنے گھر میں دل کا دورے پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 66 برس تھی۔
مشکل کردار ادا کرنے کے ماہر سمجھے جانے والے اوم پوری نے 70 اور 80 کی دہائی میں بہت سی 'آرٹ فلموں' میں کام کیا۔ اس کے علاوہ انھوں نے برطانیہ اور ہالی وڈ میں بننے والی کئی فلموں میں بھی کام کیا۔ حال ہی میں وہ پاکستانی فلم ’ایکٹر ان لا‘ میں بھی نظر آئے تھے۔
ان کے انتقال کے بعد انڈیا اور پاکستان دونوں ملکوں میں ٹوئٹر پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے اور ان کے ساتھ کام کرنے والے اداکاروں نے اپنے غم کا اظہار کیا ہے۔
امیتابھ بچن نے ٹویٹ کیا کہ 'وہ کچھ دن پہلے ہی مجھ سے ملنے میرے سیٹ پر آئے تھے۔۔ اتنا زندہ دل انسان اس طرح کیسے جا سکتا ہے۔'
اوم پوری کی پہلی پاکستانی فلم ’ایکٹر ان لا‘ میں اُن کے ساتھ کام کرنے والے پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ 'اوم پوری ایک لیجینڈ تھے جنھوں نے اپنی محبت سے سرحد کے پار لوگوں کے دل جیت لیے۔'
بالی وڈ کے شاہ رخ خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 'خدا کا باغ سب سے اچھا ہوگا کیوں کہ وہ اس کے لیے ہمیشہ بہترین لوگوں کا ہی انتخاب کرتا ہے۔ برلن میں آپ کے ساتھ گزارا وقت اور آپ کی ہنسی یاد آئے گی۔ آپ بہت یاد آییں گے۔‘
' پاکستانی ہدایت کار اور اداکار ہمایوں سعید نے، جن کا ایکٹر ان لا میں ایک خصوصی رول تھا، اوم پوری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ 'وہ ایک بہترین اداکار اور باہمت انسان تھے۔ وہ مشکل ترین اوقات میں بھی اپنے اصولوں پر ڈٹے رہے اور امن اور بھائی چارے کی بات کرتے رہے۔'
انڈین اداکار انوپم کھیر نے بھی، جنھوں نے پاکستانی اداکاروں کی حمایت کرنے پر اوم پوری کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا، اُن کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ 'میں اوم پوری کو پچھلے 43 سال سے جانتا ہوں۔ وہ ہمیشہ ایک عظیم اداکار، رحم دل اور فراغ دل انسان تھے۔ اور ہمیں انھیں ویسے ہی یاد رکھنا چاہیے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے، جن کی پہلی انڈین فلم ’رئیس' تنازعات کے باوجود جلد ریلیز ہونے والی ہے، لکھا کہ 'دنیا نے ایک عظیم فنکار کھو دیا۔ وہ انڈین سنیما کے بہترین اداکاروں میں سے ایک تھے۔'
اپنی زندگی کے آخری مہینوں میں پاکستانی اداکاروں کی حمایت کرنے پر اوم پوری کو انڈیا میں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اب اُن کے جانے کے بعد سرحد کے دونوں طرف لوگ اُن کے فن، اُن کی رحم دلی اور اُن کے کام کو یاد کر رہے ہیں۔