’ہم نے ایک فنکار کو کھو دیا ہے‘

اگرچہ جنید جمشید خود کبھی بھی انڈین فلم انڈسٹری کا حصہ نہیں رہے تاہم بدھ کو فضائی حادثے میں ان کی ہلاکت کئی بالی ووڈ شخصیات کو سوگوار کر گئی۔

بالی ووڈ سٹار رِشی کپور کا کہنا تھا کہ جنید جمشید کی شکل میں 'ہم نے ایک فنکار کو کھو دیا ہے۔‘

بدھ کو ایک ٹویٹ میں انھوں نے فضائی حادثے کا شکار ہونے والے افراد سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انھوں نے خاص طور پر جنید جمشید کے انتقال پر غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی شکل میں وہ ایک فنکار سے محروم ہو گئے ہیں۔

اداکارہ صوفی چودھری کہتی ہیں کہ 'میں بہت غمزدہ ہوں۔ اپنے لڑکپن میں، میں نے اس البم کے لیے گایا جو میرے استاد بِدو نے تیار کیا تھا۔ وہ پاپ میوزک کے دنیا کی عظیم شخصیت تھے۔'

بالی ووڈ اداکار جاوید جعفری بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے اپنے غم کا اظہار کرنے کے لیے ٹوئٹر کا سہارا لیا۔

'ابھی ابھی مجھے اپنے دوست، گلوکار جنید جمشید کی اپنے اہلیہ کے ساتھ فضائی حادثے میں ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔ مجھے اس سے حقیقی طور پر صدمہ ہوا ہے۔'

پاکستانی نژاد بالی ووڈ اداکار علی ظفر نے بھی جنید جمشید کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کرنے والوں میں اپنی آواز شامل کی ہے۔ 'میرے پاس (دُکھ کا اظہار کرنے کے لیے) الفاظ نہیں ہیں۔ (یہ) دِل دہلا دینے والی بات ہے۔ تمام مسافروں کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت۔ جنید بھائی۔'

ایک اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے بھی فضائی حادثے میں ہلاکتوں پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ 'ہم نے ایک عظیم شخصیت کو کھو دیا۔۔یہ اتنا افسوس ناک ہے۔'