’عامر خان موٹو پتلو کے لیے فٹ ہیں‘

انڈین اداکار عامر خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں فلم 'دنگل' کی تیاری کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی عامر خان نے ٹویٹ کیا ہے کہ 'نتیش سر صحت کے لیے آپ تو نقصان دہ ہیں۔'

نتیش تیواری فلم 'دنگل' کے ہدایت کار ہیں اور یہ فلم پہلوانی سے متعلق ہے۔

اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ عامر خان نے کس طرح پہلے اپنا وزن بڑھایا اور پھر اس میں کمی کی۔

فلم کے لیے عامر خان نے اپنا وزن 97 کلو کر دیا تھا اور بعد میں سخت مشقت کر جسم چھ پیک ایبس میں بدل دیا۔

ویڈیو میں عامر خان بتاتے ہیں کہ اپنے تھلتھلے پیٹ اور بڑھے ہوئے وزن کی وجہ سے انھیں کافی دقت ہوتی تھی۔

تاہم عامر خان نے تسلیم کیا کہ اس دوران انھوں نے جم کر کھانا کھایا اور خوب مزے کیے۔

عامر خان کے اس ٹویٹ کے بعد ٹوئٹر پر ان کی تنقید شروع ہو گئی اور 'عامر خان فٹ ٹو فیٹ' ٹرینڈ کرنے لگا۔

انیرودھ داس نے ٹویٹ کیا کہ ’اگر عامر فلم موٹو-پتلو بنائیں تو وہ اس کے لیے فٹ ہیں۔‘

مکند پی انی نے عامر کی دونوں تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’مسالا ڈوسا اور کاغذ ڈوسا۔‘

پہلوان مہاویر پھوگٹ کی زندگی پر بنائی گئیی فلم 'دنگل' میں عامر خان اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم میں وہ چار بیٹیوں کے باپ ہیں۔