سٹارز کی دوستی، دشمنی اور محبت فلمی ہے یا حقیقی؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
نو سال پہلے بالی وڈ میں تین نئے چہرے رونما ہوئے تھے جن میں دپیکا پاڈوکون نے فلم 'اوم شانتی اوم' سے اپنے سفر کی ابتدا کی تھی جبکہ سونم کپور اور رنبیر کپور نے فلم 'سانوریا' سے بڑے پردے پر قدم رکھا تھا۔
ان نو سالوں میں رنبیر نے کچھ حد تک تو دپیکا نے کافی حد تک ان تجزیہ کاروں کو درست ثابت کیا جنھوں نے انھیں انتہائی پرومسِنگ اداکار کہا تھا۔ جہاں تک سونم کا تعلق ہے تو ان کے بارے رائے جو پہلے تھی وہ اب بھی ہے۔
رنبیر نے اب تک کے اپنے کریئر میں کچھ غلط فلموں کے انتخاب کے علاوہ پوری ایمانداری اور محنت سے اپنے خاندان کی فلمی روایات کو آگے بڑھانے کی کوشش کی ہے۔
دپیکا پاڈوکون نے بطور اداکارہ جس انداز اور رفتار سے خود کو خوب سے خوب تر بنایا ہے اس کے نتیجے میں وہ آج نہ صرف بالی وڈ کی کامیاب ترین ہیروئن ہیں بلکہ ہالی وڈ میں بھی اپنا سکہ جمانے کی کوشش کر رہی ہیں جو اس بات کی مثال ہے کہ صرف فلمی خاندان یا کسی بڑے سٹار کی اولاد ہونا ہی کامیابی کی ضمانت نہیں۔
سری دیوی اپنی بیٹی سے ناراض

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جہاں تک فلمی خاندان کے بچوں کا تعلق ہے تو سری دیوی کی بیٹی جھانوی بھی انڈسٹری میں پیر رکھنے کی تیاری میں ہیں۔ بلکہ یوں کہنا بہتر ہوگا کہ انھیں تیاری کروائی جا رہی ہے۔
خیر سنا ہے کہ جھانوی اور ان کے مبینہ دوست کی کچھ تصاویر انٹرنیٹ پر لیک ہونے کے بعد سے سری دیوی سخت ناراض ہیں اور ان پر کچھ پابندیاں عائد کرتے ہوئے انھیں صرف کام کی جانب توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ اور تو اور جھانوی کے پاپا بونی کپور نے جھانوی کو بالی وڈ کے لیے تیار کرنے کی غرض سے ماہرین کی ایک ٹیم رکھ لی ہے۔
ویسے ایک کہاوت ہے کہ پوت کے پاؤں پالنے میں نظر آنے لگتے ہیں اب دیکھتے ہیں کہ سری دیوی کی ہدایات اور بونی کپور کی ٹریننگ کیا رنگ لاتی ہے۔
کرن جوہر کی پارٹی میں دیپکا اور رنبیر

،تصویر کا ذریعہGetty Images
فلمساز کرن جوہر کئی ہفتوں کے تناؤ کے بعد اب پارٹی کر رہے ہیں۔ ان کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ سو کروڑ کما چکی ہے اور باکس آفس پر کامیاب فلموں کی فہرست میں شامل بتائی جا رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بحر حال کرن کی اس پارٹی میں بالی وڈ کے کئی سٹارز کے علاوہ دو ناموں کا ذکر کچھ زیادہ ہی کیا جا رہا ہے اور وہ ہیں رنبیر کپور اور دپیکا پادوکون۔
قطرینہ سے بریک اپ کے بعد سے ہر کوئی یہ جاننے کی کوشش کر رہا ہے کہ ایسا کس وجہ سے ہوا اور یہ کہ اب رنبیر کس کے ساتھ ہیں۔ اس لیے جب بھی یہ دونوں کسی جگہ ساتھ نظر آتے ہیں تو میڈیا اور لوگوں میں قیاس آرائیاں شروع ہو جاتی ہیں۔
حالانکہ اس وقت دیپیکا کا نام رنویر سنگھ کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے جس کا دپیکا نے نہ کبھی اقرار کیا اور نہ ہی انکار۔ یوں بھی بالی وڈ میں یہ کہنا مشکل ہے کہ سٹارز کے درمیان دوستی، دشمنی اور محبت فلمی ہے یا حقیقی۔









