الفاران

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
چار جولائی انیس سو پچانوے کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں اننت ناگ کے علاقے پہلگام سے چھ غیر ملکی سیاح اغواء کر لیے گئے جن میں دو امریکی، دو برطانوی، ایک جرمن اور ایک نارویجین شہری تھا۔
اغواء کی ذمہ داری الفاران نامی تنظیم نے قبول کی جس نے جنگجو تنظیم حرکت الانصار کے رہنما مولانامسعود اظہر کی رہائی کا مطالبہ کیا اور امریکہ کو عالم اسلام کا دشمن قرار دیا۔
چار دن بعد ایک امریکی سیاح اغواء کاروں کی گرفت سے بچ نکلا۔ تیرہ اگست کو نارویجین سیاح کی سربریدہ لاش ملی جس کے سینے پر الفاران کندہ تھا۔ دیگر چار سیاحوں کی آج تک کوئی خبر نہیں ملی تاہم ایسی اطلاعات آئیں کہ چاروں کو قتل کر دیا گیا ہے۔
الفاران کا نام اس کارروائی سے پہلے کہیں سنا گیا اور نہ ہی بعد میں، عام تاثر یہی ہے کہ حرکت الانصار نے غیر ملکی سیاحوں کے اغواء کے واقعے کو مختلف رنگ دینے کے لیے یہ کوڈ نام استعمال کیا۔
کیونکہ اس سے قبل دہلی کے علاقے پہاڑ گنج سے غیر ملکی سیاحوں کو اغواء کرنے والے افراد نے بھی حرکت الانصار کے رہنما مولانا مسعود اظہر کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا اور گرفتار ہونے والوں کا تعلق حرکت الانصار سے ثابت ہوا تھا۔



