’کلک ہیئر‘: ایکس کا وہ فیچر جو ہر خاص و عام صارف کی توجہ حاصل کر رہا ہے

،تصویر کا ذریعہSOCIAL MEDIA
پچھلے کچھ روز سے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک نیا ٹرینڈ ’کلک ہیئر‘ چل رہا ہے جس میں سینکڑوں لوگ حصہ لے رہے ہیں۔
لیکن یہ کلک ہیئر ٹرینڈ ہے کیا اور کیسے اس کا استعمال کچھ افراد کے لیے مسائل کا سبب بن رہا ہے؟
اگر آپ ایکس کے صارف ہیں تو آپ نے شاید حال ہی میں دیکھا ہوگا کہ لوگ ایک تصویر شیئر کر رہے ہیں جس پر جلی حروف میں ’کلک ہیئر‘ (Click here) لکھا ہوتا ہے۔
ساتھ میں ایک تیر کا نشان بنا ہوتا ہے جو تصویر کی بائیں طرف نیچے کی جانب اشارہ کرتا ہے، جہاں انگریزی میں آلٹ (ALT) لکھا ہوتا ہے۔
جب صارف آلٹ پر کلک کرتا ہے تو ایک پیغام ظاہر ہوتا ہے۔ یہ پیغام اس وقت تک نہیں دکھائی دیتا جب تک آپ آلٹ پر کلک نہ کریں۔

،تصویر کا ذریعہSocial Media
دراصل آلٹ فیچر ایکس پر کافی عرصے سے موجود ہے مگر حال میں یہ کافی ٹرینڈ کر رہا ہے۔
نہ صرف عام صارفین بلکہ معروف شخصیات اور سپورٹس پیجز بھی اس فیچر کا استعمال کرتے ہوئے اپنے فالوورز کے ساتھ پیغامات شیئر کر رہے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے 2024 ایڈیشن کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے آلٹ پیغام میں لکھا ہے کہ پی ایس ایل کی سب سے کامیاب ٹیم اپنے چاہنے والوں سے بہت پیار کرتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
جبکہ کچھ صارفین اس فیچر کا استعمال کرتے ہوئے اپنے سیاسی خیالات اور پسند ناپسند کا اظہار کررہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہX (Twitter)
آلٹ ٹیکسٹ فیچر کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے؟
ایکس کے آلٹ ٹیکسٹ فیچرکی مدد سے کوئی بھی صارف تصویر شیئر کرتے وقت اس تصویر کی تفصیل لکھ سکتا ہے۔ صارفین اپنی کسی بھی تصویر کے بارے میں ایک ہزار حروف تک کا پیغام لکھ سکتے ہیں۔
ایکس کا کہنا ہے کہ اس فیچر کی مدد سے مواد زیادہ لوگوں تک پہنچنے میں مدد ملتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آلٹ ٹیکسٹ فیچر ان صارفین کے لیے کافی کارآمد ہوتا ہے جہاں انٹرنیٹ کی رفتار کم ہے اور تصویریں لوڈ ہونے میں مشکلات ہوتی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آلٹ ٹیکسٹ کا استعمال متنازع کیوں؟
جہاں کئی صارفین اس فیچر کو اپنے دوستوں اور چاہنے والوں کے ساتھ پیغام شیئر کرنے کے لیے استعمال کررہے وہیں کئی افراد اس کے خلاف بھی ہیں۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ایکس پر آلٹ ٹیکسٹ ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اس سے پہلے سنہ 2023 میں بھی یہ ٹرینڈ کر چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق آلٹ ٹیکسٹ فیچر کا ایک بڑا مقصد نابینا یا جزوی بینائی والے افراد کو انٹرنیٹ استعمال کرنے میں مدد دینا ہے۔
کسی بھی تصویر کے ساتھ آلٹ ٹیکسٹ یا آلٹرنیٹ ٹیکسٹ میں اس تصویر سے متعلق تفصیل درج ہوتی ہے جو نابینا یا جزوی بینائی والے افراد کو اس کے بارے جاننے میں مدد دیتی ہے۔
’یہ مذاق صرف بینائی والوں کے لیے ہے‘
کونر سکاٹ گارڈنر بینائی سے محروم ہیں۔ بی بی سی سے بات چیت کے دوران انھوں نے کہا تھا کہ آلٹ ٹیکسٹ ان کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ آن لائن پوسٹ کیے جانے والے بیشتر مواد کا انحصار تصاویر پر ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے لوگ کافی معلومات تصاویر کے ذریعے شیئر کرتے ہیں، آیا وہ ٹیکسٹ ہو یا کوئی میم۔ انسٹاگرام جیسے پلیٹ فارم تو چلتے ہی تصاویر پر ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ آلٹ ٹیکسٹ انھیں اس تمام تصویری مواد تک رسائی فراہم کرتا ہے، اور ان کو انٹرںیٹ پر ایک مساوی تجربہ حاصل کرنے کے قابل بناتا ہے۔
29 سالہ گارڈنر کا کہنا ہے کہ کلک ہیئر میم نے انھیں محرومی کا احساس دلایا کہ وہ باقی افراد سے الگ ہیں۔
’یہ ایک ایسا میم ہے جو صرف بینائی والوں کے لیے بنایا گیا ہے۔‘










