ٹیلر سوئفٹ کی منگنی اور ’کروڑوں روپے‘ کی انگوٹھی: مشہور شخصیات پر بڑے ہیروں اور قدیم ڈیزائن کا سحر طاری

،تصویر کا ذریعہ@TaylorSwift/Instagram
- مصنف, صوفیا فریرا سانٹو
- عہدہ, بی بی سی نیوز
امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے انسٹاگرام پر متعدد تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے پارٹنر ٹریوس کیلس سے منگنی کا اعلان کیا ہے۔ انہی تصاویر میں ایک تصویر ایسی بھی ہے جس میں ان کی منگنی کی انگوٹھی نظر آ رہی ہے۔
اس پوسٹ کے ساتھ شیئر کیے گئے کیپشن میں لکھا تھا: ’آپ کے انگریزی ٹیچر اور جِم ٹیچر کی شادی ہو رہی ہے۔‘
تاہم ہر انگریزی ٹیچر ہیرے کی ایسی انگوٹھی خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتا جس کی قیمت چھ یا سات ہندسوں پر مبنی ہو۔
مداحوں اور متجسّس شائقین نے اس رشتے اور دلکش انگوٹھی پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ کیلس نے اس انگوٹھی کو ایک جیولر کے ساتھ مل کر ڈیزائن کیا ہے، جس کا پرانا انداز سوئفٹ کی خوبصورتی سے میل کھاتا ہے جو ان کے نئے البم دی 'لائف آف اے شو گرل' میں بھی نظر آتا ہے۔
انگوٹھی کی قیمت ’19 کروڑ سے لے کر ڈیڑھ ارب روپے‘ تک ہو سکتی ہے
ریٹیل جیولر میگزین کی مینیجنگ ایڈیٹر روتھ فالکنر کا کہنا ہے کہ 'اس صنعت کے ماہرین کا اندازہ ہے کہ اس انگوٹھی کی قیمت 19 کروڑ روپے سے لے کر ڈیڑھ ارب روپے تک ہوسکتی ہے۔'
یہ ہیرا 8 سے 10 قیراط کا قدیم پتھر لگ رہا تھا، جس کے بارے میں فولکر کا کہنا تھا کہ یہ کسی اینٹیک کے لیے 'بہت نایاب' ہے۔
جیولری پر گہری نظر رکھنے والی صحافی ریچل ٹیلر کا کہنا ہے کہ پتھر پر نرم چمک ممکنہ طور پر اس لیے تھی کیونکہ یہ مشین کے بجائے ہاتھ سے کاٹا گیا قدیم پتھر تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے مزید کہا کہ سوئفٹ کی انگوٹھی مختلف کٹس اور بڑے سائز والے پتھروں کے ساتھ پرانے سٹائلمیں بنائی گئی ہے، جو گلوکارہ کے 'رومانوی' جمالیاتی انداز کے مطابق فٹ بیٹھتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'جب بھی کوئی مشہور شخصیت منگنی کرتی ہے، اگر ان کی انگوٹھی خاص طور پر نمایاں ہوتی ہے تو اس میں ہمیشہ لوگوں کی دلچسپی پیدا ہوتی ہے۔'

،تصویر کا ذریعہ@dualipa/Instagram
ڈائمنڈ ایکسپرٹ کی بانی اور سی ای او رونا فٹزپیٹرک نے بی بی سی نیوز کو بتایا کہ مشہور شخصیات اور عوام سب ہی بڑے نگینوں کی طرف جھکاؤ رکھتے ہیں لیکن سٹارز سب سے الگ دکھنے کے لیے منفرد نگینوں کا انتخاب کرتے ہیں۔
اس سال مختلف مشہور شخصیات کی انگلیوں پر ایسی ہی انگوٹھیاں نظر ائیں۔ جیسے زینڈیا کا غیر معمولی افقی سمت میں نصب ہیرا اور دعا لیپا کا گول ہیرا جسے چنکی سونے کے بینڈ پر لگایا گیا۔ دونوں ہی اوقات میں میں بڑے نگینوں کو ترجیح دی گئی تھی۔
یہاں تک کہ جب مشہور شخصیات بڑے بیضوی ہیروں کو پسند کرتے ہیں وہ اسے غیر معمولی طریقے سے انگوٹھیوں میں جڑواتے ہیں جس کی نقل کرنا مشکل ہوتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہMatt Winkelmeyer/WireImage via Getty Images
کرسٹیانو رونالڈو کی پارٹنر کی انگوٹھی
کرسٹیانو رونالڈو کی پارٹنر جارجینا روڈریگز اس وقت سرخیوں میں آئیں جب انھوں نے رواں ماہ کے اوائل میں فٹبالر سے ملنے والی انگوٹھی کی تصویر شیئر کی۔
فٹزپیٹرک کا کہنا تھا کہ بیضوی کٹے ہوئے اس نگینے کی قیمت ممکنہ طور پر 50 لاکھ ڈالر تک ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'یہ اس قسم کی انگوٹھی نہیں ہے جو آپ کوآسانی سے مل جائے گی۔'
روڈریگز کے اعلان کے بعد کچھ عروسی زیورات بنانے والوں نے اس انگوٹھی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
فٹزپیٹرک کا کہنا تھا کہ 'عام لوگوں کے لیے ایسی چیز یکساں قیمت پر خریدنا مشکل ہے اور کچھ زیورات فروش مختلف اقسام کے سٹائل کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے لیبارٹری میں تیار کیے گئے سستے ہیروں کا انتخاب کر رہے ہیں۔'

،تصویر کا ذریعہ@Georginagio/Instagram
بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
فٹزپیٹرک نے کہا کہ یہ متبادل پتھر تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں تقریباً 52 فیصد منگنی کی انگوٹھیوں میں اب لیبارٹری میں تیار کردہ ہیرے جڑے ہیں۔
کچھ صارفین اخلاقی وجوہات کی بنا پر لیبارٹری میں تیار کردہ نگینوں کا انتخاب کر رہے ہیں لیکن جہاں تک ٹیلر سوئفٹ کی انگوٹھی کی بات ہے تو یہ بحث اتنی آسان نہیں جتنی نظر آتی ہے۔
لیبارٹری میں تیار کردہ نگینے در اصل قدرتی کان کنی سے حاصل ہونے والے نگینوں کے مقابلے میں زیادہ پائیدار نہیں ہوتے کیونکہ ان کی تیاری کے عمل میں توانائی کی ایک خاص مقدار استعمال ہوتی ہے۔
ٹیلر کا کہنا تھا کہ 'کچھ برادریاں مالی لحاظ سے اس صنعت پر منحصر ہیں اور بقا کے لیے اس پر انحصار کرتی ہیں۔
تاہم ہیرے کی کانوں میں کام کرنے کے لیے موجودہ حالات کافی تشویش ناک ہیں۔
ٹیلر کا کہنا تھا کہ 'البتہ اگر آپ کسی قابل اعتماد ذریعے سے خریداری کر رہے ہیں جو ماحول کو صاف کر رہا ہے اور اس میں شامل کمیونٹیز کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔'
'آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ آپ کے لیے زیادہ اہم کیا ہے؟'
فٹزپیٹرک نے مزید کہا کہ ٹیلر سوئفٹ کی انگوٹھی میں جڑے ہیرے جیسے قدیم ہیروں کے ارد گرد اخلاقیات بھی پیچیدہ ہیں۔
ٹیلر کا کہنا تھا کہ 'ونٹیج ایک اخلاقی انتخاب ہو سکتا ہے، لیکن اس کی اصل اور اس سے جڑی کہانی آپ کو معلوم نہیں ہے۔'
انھوں نے مزید کہا کہ قدیم ہیرے خریدنے کا مطلب کوئی اضافی کان کنی نہیں ہے لیکن آپ کو یہ بھی معلوم نہیں ہے کہ کن حالات میں کان کنی کی گئی تھی۔
'اگر ہم 100 سال پہلے کی بات کر رہے ہیں تو اس وقت صورتحال شاید بہت اچھی نہیں تھی۔'
فاکنر کا کہنا ہے کہ خریداروں نے تیزی سے پرانے نگینوں کو دوبارہ تیار کروانا شروع کیا ہے تاکہ انھیں جدید بنایا جا سکے۔
انھوں نے کہا کہ جوڑے اکثر 'اس سے وابستہ کہانی' کی وجہ سے ان زیورات کو دوبارہ استعمال کرنے کا انتخاب کرتے ہیں، جیسے وہ زیورات جو انھیں رشتہ داروں سے منتقل ہوتے ہیں۔
اگرچہ یہ معلوم نہیں ہے کہ سوئفٹ کی انگوٹھی کے پیچھے کوئی کہانی یعنی 'بیک سٹوری' ہے یا نہیں لیکن وہ اس انتخاب سے واضح طور پر خوش ہیں۔
لیکن اگر ان کے ایک گیت کے الفاظ کو ہو بہو ان کے جذبات کی ترجمانی سمجھیں تو یہ انگوٹھی ان کے لیے ' سب سے اہم چیز نہیں ہے۔'
کیونکہ وہ اپنے ایک گانے میں کہہ رہی ہیں: 'مجھے چمکدار چیزیں پسند ہیں، لیکن میں تم سے کاغذ کی انگوٹھی پہن کر بھی شادی کرلوں گی۔'












