آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
روس کا یوٹرن: یوکرین سے اناج کی فراہمی کا معاہدہ بحال
روس کی جانب سے بحیرہ اسود کے ذریعے یوکرین سے اناج کی برآمدات کے معاہدہ سے لاتعلق ہونے کے چند روز بعد اس نے ترکی کے ساتھ معاہدے میں اپنی شرکت دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
روس نے ہفتے کے روز یوکرین پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ کریمیا میں اس کے بیڑے پر حملہ کرنے کے لیے اناج کے بحری جہازوں کے لیے سیفٹی کوریڈور (حفاظتی راہداری) استعمال کر رہا ہے۔
تاہم اقوام متحدہ، ترکی اور یوکرین نے روس کی جانب سے اس معاہدے کی حمایت روکنے کے بعد بھی بحری جہاز بھیجنا جاری رکھا۔
اب روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ کیف نے فوجی کارروائی کے لیے اس راستے کو استعمال نہ کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ معاہدہ جولائی میں اقوام متحدہ اور ترکی کی ثالثی میں ہوا تھا ، جس سے یوکرین کی بندرگاہوں پر پانچ ماہ سے جاری روسی ناکہ بندی کا خاتمہ ہوا تھا جس میں لاکھوں ٹن اناج اور سورج مکھی کا تیل پھنس گیا تھا اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔
معاہدے کے تحت جہازوں کو ترکی میں ایک خصوصی رابطہ ٹیم کی جانب سے معائنہ کرنے اور پھر آبنائے باسفورس سے گزرنے سے قبل ایک محفوظ راہداری سے گزرنے کی اجازت ہے۔ یہ معاہدہ 19 نومبر کو ختم ہو رہا ہے اور اس میں شامل افراد کو اب بھی اس میں توسیع پر اتفاق کرنا ہوگا۔
روس نے گذشتہ ہفتے اعلان کرنے سے پہلے کچھ عرصے سے اپنی شمولیت ختم کرنے کی دھمکی دی تھی کہ وہ اپنی حمایت روک رہا ہے ، اور یوکرین کو کریمیا کے سیواستوپول میں واقع بحیرہ اسود کے بیڑے پر ڈرون حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔
اقوام متحدہ نے اس بات پر زور دیا کہ سیوستوپول حملے کی رات کو محفوظ راہداری میں کوئی جہاز نہیں تھا۔ روس کی معطلی کے باوجود جہاز پیر اور منگل کو بھی اس راستے کا استعمال کرتے رہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے بدھ کے روز کہا تھا کہ روس کے وزیر دفاع نے انقرہ میں اپنے ہم منصب کو بتایا ہے کہ اسی دن ٹرانسپورٹ بحال کر دی جائے گی۔
اس کے کچھ ہی دیر بعد روسی خبر رساں اداروں نے ماسکو میں وزارت دفاع کے حوالے سے ان کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یوکرین سے تحریری ضمانت مل گئی ہے کہ وہ اس محفوظ راہداری کو حملوں کے لیے استعمال نہیں کرے گا۔
جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیربوک نے جرمن ویب سائٹ ڈائی ویلٹ کو بتایا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر بین الاقوامی برادری روس کی جانب سے بلیک میل ہونے سے انکار کر دے تو وہ کیا حاصل کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس نے ایک بار پھر خوراک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی ہے اور اناج کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے واضح کر دیا ہے کہ نہیں، ہم آپ کے جھوٹ پر یقین نہیں کرتے، ہم جہاز بھیجتے رہیں گے۔ لہذا دنیا کے غریب ترین لوگوں کو جارحیت کی اس جنگ سے اتنے بڑے پیمانے پر متاثر نہیں ہونا پڑے گا۔
گزشہ روز بحیرہ اسود کے اناج کی برآمد کے معاہدے پر کام کرنے والے اقوام متحدہ کی زیر قیادت مرکز نے کہا تھا کہ تین مزید بحری جہاز یوکرین کی بندرگاہوں سے روانہ ہوگئے ہیں۔
مرکز کا کہنا ہے کہ یوکرین، ترکی اور اقوام متحدہ نے بحری جہازوں کی نقل و حرکت پر اتفاق کیا ہے جبکہ روس کو "مطلع کر دیا گیا ہے"۔
پیر کے روز یوکرین سے 354,500 ٹن خوراک لے جانے والے 12 بحری جہاز روانہ ہوئے تھے۔
روس نے ہفتے کے روز اس معاہدے کے لیے اپنی حمایت ختم کر دی تھی اور یوکرین پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اس کے بیڑے پر حملہ کرنے کے لیے سیفٹی کوریڈور یا حفاظتی راہداری کا استعمال کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس رات راہداری کے اندر کوئی بحری جہاز نہیں تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے اوڈیسا کی فوجی انتظامیہ کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ اناج کے معاہدے کے آغاز کے بعد سے پیر کے روز ہونے والے جتنا اناج برآمد کیا گیا اس سے پہلے ایک دن میں اتنا اناج نہیں بھیجا گیا۔
فروری میں روس کے یوکرین پر حملہ کرنے کے بعد ، اس کی بحریہ نے یوکرین کی بحیرہ اسود کی بندرگاہوں پر ناکہ بندی کردی ، جس سے ملک کے اندر برآمد کے لئے تقریبا دو کروڑ ٹن اناج کے ساتھ ساتھ مکئی اور سورج مکھی کے تیل جیسی دیگر غذائی اشیاء پھنس گئیں تھیں۔
لیکن جولائی میں یوکرین اور روس کے مابین ترکی اور اقوام متحدہ کی ثالثی میں ایک معاہدہ طے پایا تھا ، جس سے بحیرہ اسود کی بندرگاہوں کے ذریعے اناج کی برآمدات کی بحالی میں مدد ملی تھی۔
تاہم پیر کے روز روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے سیواستوپول کی بندرگاہ پر اس کے بیڑے پر "بڑے پیمانے پر" ڈرون حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاہدے کو معطل کیا جا رہا ہے جس کا انہوں نے الزام لگایا تھا کہ کیف اس کا ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سمندری تحفظ کو یقینی بنایا جانا چاہئے اور ایسے حالات میں اناج کی برآمدات پر عمل درآمد بہت خطرناک ہے۔
صدر پیوٹن نے ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ یوکرین کو اس بات کی ضمانت دینی چاہیے کہ سویلین بحری جہازوں کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔
کیف نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور کہا ہے کہ ماسکو طویل عرصے سے بین الاقوامی ثالثی سے طے پانے والے معاہدے کو ترک کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا اور اس حملے کو بہانے کے طور پر استعمال کیا۔
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا کہ ایسے حالات میں جب روس ان علاقوں میں جہازرانی کی حفاظت کی ضمانت دینے کے ناممکن ہونے کے بارے میں بات کر رہا ہے، اس طرح کا معاہدہ شاید ہی ممکن ہو، اور یہ ایک مختلف کردار اختیار کرتا ہے - بہت زیادہ خطرناک، خطرناک اور ناقابل یقین۔
روس کی جانب سے معاہدے سے دستبرداری کی امریکہ کی جانب سے مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ماسکو 'خوراک کو ہتھیار بنا رہا ہے'۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا فیصلہ واپس لے اور کہا ہے کہ اناج اور کھاد کی برآمد کو خطرے میں ڈالنے سے عالمی غذائی بحران پر اثر پڑے گا۔
امریکہ میں روس کے سفیر نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے کہ ان کا ملک خوراک کے عالمی بحران کو بڑھا رہا ہے اور کہا ہے کہ روس پر تنقید کرنا غیر منصفانہ ہے۔
یہ معطلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روس کا کہنا ہے کہ اس نے مقبوضہ کھیرسن کے علاقے سے اپنے انخلا میں توسیع کر دی ہے، حالانکہ ہفتے کے آخر میں یہ کہا گیا تھا کہ یہ ختم ہو چکے ہیں۔