’سردار جی 3‘ کے ٹریلر میں ہانیہ عامر کو دیکھ کر انڈیا میں شور: ’دلجیت دوسانجھ کا پاسپورٹ منسوخ کیا جائے‘

،تصویر کا ذریعہDILJIT DOSANJH/INSTAGRAM
انڈین فلم سٹار دلجیت دوسانجھ کی نئی فلم ’سردار جی 3‘ کا گذشتہ دنوں ٹریلر جاری کیا ہوا کہ سوشل میڈیا پر انڈیا اور پاکستان کے صارفین کا ایک زور دار مباحثہ شروع ہو گیا۔
دلجیت دوسانجھ کے انسٹاگرام سے ’سردار جی 3‘ کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ فلم انڈیا کی بجائے اب 27 جون کو بیرون ملک ریلیز کی جائے گی۔
فی الحال یہ فلم انڈیا میں ریلیز نہیں ہو رہی۔
بہرحال ٹریلر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بہت سے انڈین صارفین دلجیت دوسانجھ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور فلم کی کاسٹ پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 22 جون کو جب ’سردار جی 3‘ کا ٹریلر ریلیز ہوا تو اس میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر بھی نظر آئیں۔
دلجیت دوسانجھ کی فلم ’سردار جی 3‘ کے تنازع پر فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینے ایمپلایز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) کے صدر بی این تیواری نے خبر رساں ادارے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے اس فلم پر پہلے ہی سینسر بورڈ کو خط لکھ دیا تھا کیونکہ یہ صرف (پاکستانی اداکارہ) ہانیہ عامر کے بارے میں نہیں بلکہ اس میں تین چار اور اداکار بھی ہیں اور یہ بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے سنا ہے کہ وہ فلم کو بیرون ریلیز کر رہے ہیں۔ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو ہم ان پر اور ان کے پروڈیوسر پر ہمیشہ کے لیے پابندی لگا دیں گے۔ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو یہ غداری کے عمل کے مترادف ہو گا۔ وائٹ ہل اور دلجیت دوسانجھ کسی بھی فلم میں کام نہیں کر سکیں گے۔ ہماری تنظیم نیشن فرسٹ‘ سے نہیں ہٹ سکتی۔‘

،تصویر کا ذریعہSocial Media
دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر تنقید کی زد میں
’سردار جی 3‘ کا ٹریلر دیکھ کر کئی انڈین صارفین نے غم و غصے کا اظہار کیا اور دلجیت دوسانجھ کو ’غدار وطن‘ اور ’خالصتانی‘ کہہ کر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ دوسری جانب انڈیا کا ایک حلقہ ہانیہ عامر سے بھی ناراض نظر آتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
درحقیقت پہلگام حملے کے بعد انڈیا اور پاکستان دونوں حکومتوں کی جانب سے کئی سخت اقدامات اٹھائے گئے۔ اسی سلسلے میں 30 اپریل کو انڈیا میں نہ صرف متعدد پاکستانی فنکاروں کے انسٹا اکاؤنٹس بلکہ پاکستانی انٹرٹینمنٹ چینلز کے یوٹیوب اکاؤنٹس تک بھی رسائی بند کر دی گئی۔
اس کے علاوہ انڈین ناظرین کو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے بعد ان کے اس فلم میں نظر آنے کی امید نہیں تھی اور اس فلم کی دوبارہ شوٹنگ کی بازگشت بھی سنی جا رہی تھی۔
انڈیا اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد یہ خبریں آئی تھیں کہ کچھ پنجابی فلمیں اس لیے رُکی ہوئی ہیں کیونکہ ان میں پاکستانی فنکار بھی شامل ہیں۔ ان میں سے ایک فلم ’سردار جی 3‘ بھی تھی۔
کچھ عرصہ قبل بی بی سی پنجابی سے بات کرتے ہوئے پنجابی فلم کے مصنف اور ہدایت کار چندر کمبوج کا کہنا تھا کہ ’سردار جی 3‘ میں ہانیہ عامر کے ہونے کے بارے میں ابھی تک سسپنس موجود ہے اور ایسا لگتا ہے کہ فلم میں ہانیہ عامر کے حصے کی دوبارہ شوٹنگ کی جائے گی۔
اس سے قبل پنجابی فلم کے ہدایت کار اور کہانی کے مصنف راکیش دھون نے بی بی سی پنجابی کو بتایا تھا کہ ان کے مطابق پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر فلم ’سردار جی 3‘ میں نظر آسکتی ہیں کیونکہ اگر کسی فلم پر 25 کروڑ کا خرچ آتا ہے تو اس کی دوبارہ شوٹنگ کرنا بہت مشکل ہے۔
راکیش دھون نے کہا تھا کہ یہ ان پنجابی فلموں میں سے ایک ہے جس کی شوٹنگ پہلگام واقعے سے انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہونے والی تازہ کشیدگی سے کافی عرصہ پہلے مکمل ہو گئی تھی۔
تاہم اب فلم کے ٹریلر سے واضح ہو گیا ہے کہ ہانیہ عامر اس سب کے باوجود فلم کا حصہ ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سوشل میڈیا پر رد عمل
فلم کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کے ساتھ سردارجی 3 بھی ٹرینڈز میں شامل ہیں۔
ٹی سیریز اور انڈین اداکار سنی دیول کو ٹیگ کرتے ہوئے شیمیروکاٹو نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ ’ایک طرف دلجیت دوسانجھ فلم ’بارڈر 2‘ کی شوٹنگ کر رہے ہیں اور ساتھ ہی وہ اُس پاکستانی اداکارہ کے ساتھ فلم کر رہے ہیں جنھوں نے ’آپریشن سندور‘ کے خلاف بہت کچھ کہا۔ دلجیت کو ’بارڈر 2‘ سے ہٹا دیں ورنہ فلم کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔‘
ای آر بی ایم جھا نامی ایکس ہینڈل سے وزارت خارجہ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا گيا کہ ’میں انڈین وزارت خارجہ سے درخواست کرتا ہوں کہ دلجیت دوسانجھ کا پاسپورٹ منسوخ کیا جائے۔ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان نے گولڈن ٹیمپل پر حملہ کرنے کی کوشش کی، اس نے ایک پاکستانی اداکارہ کے ساتھ فلم کی تشہیر کا انتخاب کیا۔ یہ بے حسی ناقابل قبول ہے۔‘
خیال رہے کہ گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی خبر کو انڈیا کی جانب سے مسترد کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب پاکستانی صارفین دلجیت دوسانجھ کی تعریف کر رہے ہیں۔
ثاقب جمیل نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’دلجیت دوسانجھ پر فخر ہے۔ کہا جاتا ہے کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور وہ نفرت کے پیروکاروں کے خلاف کھڑے ہیں۔‘
انھوں نے مزید لکھا کہ ’پابندی کے باوجود ہانیہ عامر کو ’سردارجی 3‘ میں مرکزی حیثیت میں دیکھ کر بہت پرجوش ہوں۔ ہم پاکستانی یہ فلم ضرور دیکھیں گے۔‘













