جدہ میں طوفانی بارشوں سے نظامِ زندگی متاثر، مکہ جانے والی سڑک بھی بند

جدہ

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں جمعرات کے روز طوفانی بارشوں کے باعث پروازیں تاخیر کی شکار ہو گئیں جبکہ سکولوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سعودی سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ مکہ جانے والی سڑک بھی بند کر دی گئی ہے۔

مکہ جانے والے عازمینِ حج و عمرہ زیادہ تر اپنے سفر کا آغاز یہیں سے کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں پانی کو ٹریفک میں رکاوٹیں ڈالتے ہوئے اور کئی گاڑیوں کو پانی میں ڈوبا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار برائے مشرقِ وسطیٰ سیبیسٹیئن اشر نے تصاویر پوسٹ کیں جن میں سڑکوں سے پانی نکالتے ہوئے اور خراب گاڑیوں کو دھکا لگا کر سڑک سے ہٹاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

X پوسٹ کا اختتام

جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ ’خراب موسمی صورتحال کے باعث کچھ پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔‘

ایئرپورٹ نے مسافروں پر زور دیا کہ وہ ایئرپورٹ پہنچنے سے قبل فضائی کمپنیوں سے رابطہ قائم کر کے معلومات حاصل کریں۔

سعودی پریس ایجنسی نے خبر دی ہے کہ پورا دن شہر میں بارشیں جاری رہنے کی وجہ سے شہر میں سکول بند رہیں گے۔

بدھ کو سکول سعودی عرب کے فٹ بال ورلڈ کپ میں میچ جیتنے کی وجہ سے بند رہے تھے۔

جدہ میں موسمِ سرما میں طوفانی بارشیں اور سیلابی کیفیت پیدا ہونا عام ہے۔ شہر کے باسی ایک طویل عرصے سے ناقص انفراسٹرکچر کی شکایت کرتے آئے ہیں۔

سنہ 2009 میں یہاں سیلاب کے باعث 123 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ دو سال بعد 10 مزید افراد ہلاک ہوئے۔

سعودی حکام نے بتایا ہے کہ اب تک دو اموات ریکارڈ کی گئی ہیں اور اُنھوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں۔

 مکہ صوبے کے محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ سڑکوں سے پانی نکالنے کے لیے امدادی کارکنوں کو جدہ اور مکہ میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ 

حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ زیادہ تر علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے جو کہ بارشوں کی وجہ سے متاثر ہو گئی تھی۔