آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شہباز شریف کے خلاف نااہلی کی درخواست مسترد
لاہور ہائیکورٹ نے حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف کی وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کی درخواست ابتدائی سماعت کے بعد مسترد کر دی ہے۔
ہائیکورٹ نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا اور درخواست کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری نے بابر اعوان ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی جس میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی اہلیت کو چیلنج کیا گیا.
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے درخواست پر سماعت کی اور دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا.
ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ آئین کے تحت درخواست گزار کے پاس دادرسی کیلئے اسپیکر کا فورم موجود ہے اور درخواست گزار اس فورم سے رجوع کرسکتے ہیں.
تحریک انصاف کی جانب سے یہ اپنی نوعیت کی پہلی درخواست ہے جس میں وزیر اعلی پنجاب کی اہلیت کو چیلنج کیا گیا تھا۔
ہائیکورٹ نے یہ بھی قرار دیا کہ دادرسی نہ ہونے پر درخواست گزار عدالت سے دوبارہ رجوع کر سکتاہے۔
اس سے پہلے کارروائی کے دوران بابر اعوان نے الزام لگایا کہ شہباز شریف ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے اختیارات کا ناجائز استعمال کے ذریعے اپنے ذاتی فائدے کے لیے احکامات دیئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بابر اعوان ایڈووکیٹ نے یہ قانونی نکتہ اٹھایا کہ شہباز شریف نے ذاتی مفادات کو ترجیح دے کر اپنے منصب کے حلف کی نفی کی ہے.
تحریک انصاف کے وکیل نے نشاندہی کی کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نےاپنے خاندان کی ملکیت شوگر ملز کی بین الاضلاع منتقلی کاحکم دیا اور ذاتی مفاد کو ترجیح دیکر حلف کی خلاف ورزی کی۔
وکیل کے مطابق شوگر ملز منتقلی معاملے پر عدالتی فیصلے شہباز شریف کےبارے میں ڈیکلریشن ہے۔
تحریک انصاف کے وکیل نے دعوی کیا کہ حلف کی پاسداری نہ کرنے پر شہباز شریف وزیراعلیٰ کے عہدے پر رہنے کے اہل نہیں رہے.
وکیل نے استدعا کی کہ شہبازشریف کو آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے تحت نااہل قرار دیا جائے.
پنجاب حکومت کے وکیل شان گل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ناقابل پیش رفت قرار دیا۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے انکشاف کیا جس فیصلےکی بنا پر شہباز شریف کے خلاف نااہلی کی درخواست دائرکی گئی ہے اس فیصلے ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ معطل کر دیا ہوا ہے.