’عبدالسلام حملہ کرنے کی تیاری کر رہے تھے‘

،تصویر کا ذریعہAP
بیلجیئم کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ پیرس حملوں کے ملزم صالح عبدالسلام گرفتاری سے قبل بیلجیئم کے شہر برسلز میں حملہ کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔
پیرس حملوں کے مرکزی ملزم عبدالسلام کو پولیس نے جمعے کو ایک ڈرامائی کارروائی کے بعد برسلز کے علاقے مولن بیک سے گرفتار کیا تھا، اور ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
وزیرِ خارجہ دیدیے رائندرس نے خارجہ پالیسی کے ایک فورم کو بتایا کہ شہر سے بہت سا اسلحہ برآمد کیا گیا ہے اور ایک نئے دہشت گردہ گروہ کا بھی سراغ لگایا ہے۔
پیرس حملوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے قبول کی تھی اور ان میں 130 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔
رائندرس نے کہا کہ عبدالسلام کی گرفتاری کے بعد کئی انکشافات ہوئے ہیں۔
’وہ برسلز میں کوئی کارروائی کرنے کے لیے تیار تھے۔ اور یہ حقیقت ہو سکتی ہے کیوں کہ ہمیں ابتدائی تفتیش کے دوران بہت سا اسلحہ ملا ہے اور برسلز کے گرد ایک نئے دہشت گرد نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہReuters
رائندرس نے کہا نومبر میں حملوں کے بعد مشتبہ افراد کی فہرست میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے: ’اس وقت ہمیں پیرس حملوں میں ملوث 30 افراد کا پتہ چلا ہے، لیکن ہمیں یقین ہے کہ ان کے علاوہ دوسرے لوگ بھی موجود ہیں۔‘
دوسری جانب عبدالسلام کے وکیل کے بقول ان کے موکل فرانسیسی استغاثہ کی جانب سے رازداری کے قانون کی خلاف ورزی پر قانونی چارہ جوئی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ اس سے قبل فرانسیسی استغاثہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا تھا کہ پیرس حملوں کے ملزم صالح عبدالسلام نے تسلیم کیا ہے کہ وہ خود کو دھماکے سے اڑانا چاہتے تھے لیکن پھر انھوں نے ارادہ بدل دیا۔
عبدالسلام کے وکیل سون میرینے کہا ہے کہ ’اسغاثہ نے تحقیقات کے راز افشا کیے ہیں جسے نظر انداز نہیں جا سکتا۔‘
عبدالسلام کے وکیل نے کہا کہ وہ پولیس سے تعاون کر رہے ہیں، البتہ خود کو فرانس کے حوالے کیے جانے کے خلاف قانونی جنگ لڑیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ حملوں کی رات پیرس میں موجود تھے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ ان حملوں میں اُن کا کردار کیا تھا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ حملوں کے فوراً بعد وہ وہاں سے فرار ہو گئے تھے۔
بیلجیئم کے وفاقی استغاثہ کے دفتر نے کہا ہے کہ عبدالسلام پر دہشت گردی، قتل و غارت میں ملوث ہونے اور دہشت گرد تنظیم کی کارروائیوں میں حصہ لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
26 سالہ عبدالسلام فرانسیسی شہری ہیں اور وہ چار مہینے مفرور رہنے کے بعد جمعے کو برسلز میں گرفتاری کے بعد سے بیلجیئم میں زیرِ حراست ہیں۔







