مالدیپ میں 30 روزہ ہنگامی حالت کا اعلان

یہ اعلان ملک کی اہم اپوزیشن جماعت مالدیپیئن ڈیموکریٹک پارٹی کے طے شدہ احتجاج سے دو روز پہلے کیا گیا ہے
،تصویر کا کیپشنیہ اعلان ملک کی اہم اپوزیشن جماعت مالدیپیئن ڈیموکریٹک پارٹی کے طے شدہ احتجاج سے دو روز پہلے کیا گیا ہے

مالدیپ کے صدر نے حکومت مخالف ریلی روکنے کے لیے 30 روزہ ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔

صدر عبداللہ یامین کے اس اعلان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کے اختیارات دے دیے ہیں۔

یہ اعلان ملک کی اہم اپوزیشن جماعت مالدیپیئن ڈیموکریٹک پارٹی (ایم ڈی پی) کے طے شدہ احتجاج سے دو روز پہلے کیا گیا ہے۔

ایم ڈی پی کے رہنما اور مالدیپ کے سابق صدر نشید پر انسدادِ دہشت گردی قوانین نافذ کیے جانے کے بعد انھیں اس سال مارچ میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔

صدر یامین کے ترجمان معاذ علی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’صدر یامین نے ملک میں ہنگامی حالت کا اعلان ہر شہری کی حفاظت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیا ہے۔‘

حالیہ چند ہفتوں میں مالدیپ سیاسی کشمکش کا شکار رہا ہے، کیونکہ نائب صدر احمد ادیب کو صدر کے قتل کی مبینہ سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

یامین گذشتہ ماہ ہوائی اڈے سے گھر واپس جانے کے لیے استعمال کی جانے والی کشتی پر ہونے والے بم دھماکے میں بال بال بچے تھے۔

نائب صدر ادیب پر سنگین ریاستی غداری کا الزام عائد کیا گیا ہے۔