’حملہ آور کے بین الاقوامی دہشت گرد گروہ سے تعلق کے شواہد نہیں ملے‘

ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ اس بارے میں شواہد نہیں ملے کہ محمد یوسف عبدالعزیز کا کسی بین الاقوامی دہشت گرد گروہ سے تعلق ہے

،تصویر کا ذریعہChattanooga Police Department

،تصویر کا کیپشنایف بی آئی کا کہنا ہے کہ اس بارے میں شواہد نہیں ملے کہ محمد یوسف عبدالعزیز کا کسی بین الاقوامی دہشت گرد گروہ سے تعلق ہے

امریکہ میں پولیس ریاست ٹینسی میں امریکی نیوی کی دو عمارتوں پر فائرنگ کرنے والے 24 سالہ شخص کے گھر کی تلاش لے رہی ہے۔

جمعرات کو امریکی نیوی کی عمارتوں پر فائرنگ سے چار میرین ہلاک ہوگئے تھے۔ فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور کو بھی ہلاک کر دیا گیا تھا۔

سٹی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ’ ڈومیسٹک دہشت گردی کے ایکٹ‘ کے طور پر ان دو واقعات کی تحقیقات کر رہے ہیں اور تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملہ آور کا مقصد کیا تھا۔

اس حملے میں ایک نیوی اہلکار شدید زخمی بھی ہوئی ہیں۔

پولیس نے مسلح شخص کے گھر کے گرد علاقے کو سیل کر دیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دو ان کے گھر کے قریب سے دو خواتین کو ہتھکڑیوں میں لے جاتے دیکھا گیا ہے۔

ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ اس بارے میں شواہد نہیں ملے کہ محمد یوسف عبدالعزیز کا کسی بین الاقوامی دہشت گرد گروہ سے تعلق ہے۔

جمعرات کو امریکی نیوی کے ریزرو سینٹر اور ایک بھرتی کے دفتر پر فائرنگ کی گئی۔ سٹی پولیس کا کہنا تھا کہ دو مقامات پر فائرنگ کرنے والا شخص ایک ہی ہے۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ۔

 24 سالہ مسلح شخص کی شناخت محمد یوسف عبدالعزیز کے نام سے کی گئی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشن 24 سالہ مسلح شخص کی شناخت محمد یوسف عبدالعزیز کے نام سے کی گئی ہے

اس شخص کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ کویت میں پیدا ہوا تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ امریکی یا کویتی شہری ہے۔

اس واقعہ کی تحقیق کرنے والے ایف بی آئی ایجنٹ ایڈ رین ہولڈ نے بتایا کہ پہلی فائرنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 10:45 پر ہوئی۔ انھوں نے صحافیوں کو بتایا فائرنگ کرنے کے بعد مسلح شخص فورڈ گاڑی میں بیٹھ کر بھاگ گیا تاہم پولیس نے اس کا تعاقب کیا۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس نے مسلح شخص کو ایمنی کولا ہائی وے پر واقع امریکی نیوی کے ریزرو سینٹر کے قریب ہلاک کر دیا۔

امریکی میرین نے ایک بیان میں ’چار میرین کے ہلاک‘ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ٹینسی کے وفاقی پراسیکیوٹر بل کیلڈن کا کہنا ہے ’ یہ امریکہ کے لیے ایک افسردہ دن ہے۔ ہلاک ہونے والے میرین نے فخر کے ساتھ امریکہ کی خدمت کی اور وہ فائرنگ کا شکار ہو گئے۔‘

 پولیس نے مسلح شخص کو ایمنی کولا ہائی وے پر واقع امریکی نیوی کے ریزرو سینٹر کے قریب ہلاک کر دیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشن پولیس نے مسلح شخص کو ایمنی کولا ہائی وے پر واقع امریکی نیوی کے ریزرو سینٹر کے قریب ہلاک کر دیا

سٹی میئر اینڈی برکے نے ٹویٹ کیا ہے ’ یہ ہماری کمیونٹی میں ہونے والے خوفناک واقعہ ہے اور ہم متاثرہ افراد کے لیے دعا کرتے ہیں۔‘

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے ایمنی کولا ہائی وے پر واقع اس ریزرو سینٹر کو بند کر دیا ہے۔

اس ریزرو سینٹر کے قریب چٹانوگا کے یونیورسٹی کیمپس کو حفظ ماتقدم کے طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

ایک عینی شاہد نے سی این این کو بتایا ’میں نے بہت تیز آواز سنی، اور ایک سفید شخص کو دیکھا جس کے پاس رائفل تھی۔‘

عینی شاہد کے مطابق مسلح شخص نے اپنی گاڑی کے اندر سے بھرتی کے دفتر کے باہر فائرنگ کی۔

مقامی ریستوران پر کام کرنے والے ایک شخص نے بتایا مسلح شخص ایک گاڑی میں سوار تھا اور اس نے متعدد فائر کیے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق امریکی صدر اوباما کو واقعہ کے بارے میں آگاہ کیا جا چکا ہے۔