یونان نے قرض خواہوں کو متبادل تجاویز پیش کر دیں

گزشتہ ہفتے ریفرنڈم میں عوام نے بچت کی تجاویز رد کر دی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنگزشتہ ہفتے ریفرنڈم میں عوام نے بچت کی تجاویز رد کر دی تھیں۔

یونان کی حکومت نے اپنے بین الاقوامی قرض خواہوں سے قرضے کے بارے میں کسی معاہدے پر پہنچنے کے لیے ملک میں اقتصادی اصلاحات کی نئی تجاویز پیش کر دی ہیں۔

یورو زون کے وزراء خارجہ کےایک ترجمان نے کہا ہے انھیں یونان کی حکومت کی طرف سے اصلاحات کا مسودہ مل گیا ہے۔

یونان کے وزیر اعظم الیکسس تسپیراس نے جمعرات کا سارا دن اپنے حکومتی اتحادیوں سے اس معاہدے پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں صرف کیا۔

اصلاحات کے مسودے میں ٹیکسوں میں اضافہ اور پینشن میں تبدیلیاں شامل ہیں۔

الیکسس تسپیراس کی طرف سے پیش کردہ تجاویز کا یورو زون کے وزراء خارجہ جائزہ لیں گے اور اتوار کو یورپی یونین کے سربراہ اجلاس میں بھی ان پر غور کیا جائے گا۔

یونان کی حکومت اس مسودے کو اپنی پارلیمان میں بھی پیش کرے گی۔

یونان کے عوام نے ملک کے قرض خواہوں کی طرف سے پیش کردہ بچت کی تجاویز کو گزشتہ اتوار کو ہونے والے ریفرنڈم میں فیصلہ کن انداز میں رد کر دیا تھا۔

یونان کے ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق اصلاحات کے مسودے میں ٹیکسوں میں اضافہ اور اخراجات میں کمی کی تجاویز کا کل حجم 12 ارب یورو ڈالر ہے جو کہ ریفرنڈم میں رد کیے جانے والے اقدامات کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

یونان کے بینک دو ہفتے سے بند ہیں اور بینکوں سے پیسے نکالنے کی حد بھی مقرر ہے۔