بغداد میں رات کا کرفیو ختم

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
عراق کے وزیرِ اعظم حیدر العبادی نے دارالحکومت بغداد میں رات کے وقت کرفیو ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔
عراقی وزیرِ اعظم کی جانب سے یہ اعلان سکیورٹی سروسز کی جانب سے انھیں دی جانے والی ایک بریفنگ کے بعد سامنے آیا ہے۔
عراق میں تشدد کے واقعات کو روکنے کے لیے ایک عرصے سے کرفیو کا استعمال جاری ہے تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اعلان ایک بڑی پیش رفت ہے۔
بی بی سی عربی کے مطابق عراق میں سنہ 2004 سے رات کا کرفیو نافذ ہے۔
ستمبر سنہ 2014 میں اقتدار میں آنے والے عراقی وزیرِ اعظم حیدر العبادی نے شہر کی متعدد اہم گلیوں کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا ہے۔
عراقی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ فیصلہ شہریوں کو آزادانہ نقل و حرکت کرنے کی آزادی دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
عراق کا دارالحکومت بغداد اکثر خود کش دھماکوں کا نشانہ بنتا رہتا ہے، تاہم حالیہ دنوں میں اسے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کی جانب سے لاحق خطرہ کم ہوا ہے۔
عراقی فوج دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف برسرِ پیکار ہے جس نے عراق کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کیا ہوا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادھر عراق کے دارالحکومت بغداد میں منگل کو سلسلہ وار دھماکوں میں کم سے کم دس افراد ہلاک ہو گئے۔
.







