حزب اللہ اور اسرائیلی جھڑپ میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک

،تصویر کا ذریعہEPA
اسرائیل کا کہنا ہے کہ لبنان سے جڑی اس کی سرحد پر ایک فوجی قافلے پر حزب اللہ کے حملے کے نتیجے میں اس کے دو فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل اسرائیل کے فوجی حکام نے کہا تھا کہ لبنان کی سرحد کے قریب گشت کرنے والے فوجیوں پر اس حملے کے نتیجے میں 7 اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔
اسرائیل نے اس کے نتیجے میں مغربی لبنان کے کئی علاقوں میں گولہ باری کی۔
اس کے علاوہ اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان سرحدی تصادم کے نتیجے اس کا سپین سے تعلق رکھنے والا ایک امن فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔
اقوامِ متحدہ نے اس ساری صورت حال میں مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے ’زیادہ سے زیادہ تحمل‘ پر زور دیا ہے۔
حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے کئی اسرائیلی گاڑیاں تباہ کی ہیں اور اس کے نتیجے میں ’کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘
بدھ کو اقوامِ متحدہ کے ترجمان انڈریا تنیتی نے تصدیق کی کہ اقوامِ متحدہ کے ایک عبوری فورس کے رکن خطے میں تصادم کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
انہوں نے کہا کہ وہ اس فوجی کی ہلاک کرنے والی گولی کے ذمہ داروں کے بارے میں نہیں جانتے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تنیتی نے کہا کہ ’اقوامِ متحدہ کی فورس کے کمانڈر میجر جنرل لوچیانو لورتولانو دونوں جانب کے ساتھ بہتر تعلقات میں ہیں اور انہیں تحمل کا مظاہرہ کرنے کا کہہ رہے ہیں اور کشیدگی میں کسی قسم کے اضافے سے روک رہے ہیں۔‘
اس حملے میں متنازع شیباعہ کے علاقے میں ایک فوجی گاڑی پر ٹینک شکن میزائل سے حملہ کیا گیا جس کی ذمہ داری حزب اللہ نے قبول کی۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف )نے اس کے جواب میں جنوبی لبنان میں گولہ باری کی ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ فوجیوں کو اغوا کرنے کی کوشش کی گئی یا نہیں۔
آئی ڈی ایف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک ٹینک شکن میزائل شمالی لبنان میں ایک فوجی گاڑی پر داغا گیا۔
وزیراعظم بن یامن نتن یاہو نے ٹویٹ کی کہ ’اس وقت آئی ڈی ایف نے شمال میں ہونے والے واقعات کا جواب دیا ہے۔ ہم دہشت گردوں کو اپنے شہریوں کی زندگیوں اور اُن کی سلامتی سے کھیلنے نہیں دیں گے۔ ہم ان کا بھرپور قوت سے جواب دیں گے جو ہمیں چیلنج کریں گے۔‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
متولہ کے رہائشیوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اس علاقے میں تلاشی کی کارروائی کے دوران گھروں پر رہیں۔
اے پی کے مطابق اسرائیل کی جانب سے داغے گئے 35 گولے جنوبی لبنان میں سرحد کے قریب زرعی زمینوں پر گرے۔
ایک علیحدہ واقعے میں بدھ کے روز ایک مارٹر بم اسرائیلی فوجی چوکی کو نشانہ بناتے ہوئے داغا گیا۔

اسرائیلی فوج نے کسی زخمی کی تصدیق نہیں کی ہے اور کہا ہے کہ عام شہریوں کو اس علاقے سے نکالا جا رہا ہے۔
یہ دونوں واقعات پیر کو اسرائیل کی جانب سے شام میں گولان کی پہاڑیوں کے قریب سرکاری فوج کے ٹھکانوں پر حملے کے کچھ گھنٹوں کے بعد ہوئے۔
اس سرحدی علاقے میں تناؤ کی کیفیت اس وقت سے ہے جب سے اسرائیل کی جانب سے فضائی حملے کے نتیجے میں ایک ایرانی جرنیل اور کئی حزب اللہ کے جنگجو ہلاک ہو گئے تھے۔







