’ بادشاہ سلمان ایک ثالث اور مذہبی قیادت کے قریب‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
سعودی عرب کے بادشاہ عبداللہ کے انتقال کے بعد ان کے سوتیلے بھائی سلمان ابن عبدالعزیز ال سعود نئے بادشاہ بن گئے ہیں۔
بادشاہ بننے سے پہلے سلمان صوبہ ریاض کے 48 سال تک گورنر رہے اور 2011 میں وزیر دفاع بن گئے اور اس کے ایک سال بعد ہی ولی عہد بن گئے۔
79 سالہ سلمان نے بادشاہ عبداللہ کی خراب صحت کے بعد سے ہی بادشاہ کی ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کر دی تھیں۔
بادشاہ سلمان شاہی خاندان کی ایک بااثر شخصیت ہیں اور وہ سعودی عرب کے بانی شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے ان سات بیٹوں میں سے ہیں جنھیں ’سدیری سات‘ کہا جاتا تھا۔انھیں یہ نام اس لیے دیا جاتا ہے کہ وہ سب ابن سعود کی سب سے زیادہ چہیتی اہلیہ حصہ السدیری کے بطن سے پیدا ہوئے۔
سال 1982 سے 2005 تک سعودی بادشاہ فہد کی موت کے بعد سے ولی عہد رہنے والے شہزادے سلطان اور نائف کے بعد سلمان ال سعود خاندان کی سب سے طاقتور شخیصت رہے ہیں۔
بادشاہ سلمان نے ریاض کے گورنر کے طور پر اس صحرائی شہر کو ایک گنجان آباد شہر میں تبدیل کیا جہاں اب بلند و بالا عمارتیں، یونیورسٹیاں اور مغربی ریستوران موجود ہیں۔
اپنے عہدے کی وجہ سے ان کی بین الاقوامی ساکھ میں اضافہ ہوا اور انھوں نے کئی اعلیٰ شخصیات اور وفود کی میزبانی کی، جس کی مدد سے انھیں ریاض میں بیرونی سرمایہ کاری لانے میں مدد ملی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیر دفاع کے طور پر ملکی فوج کے سربراہ تھے اور گذشتہ سال امریکہ کی قیادت میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے خلاف اتحاد میں شمولیت اختیار کی۔
وہ سعودی شاہی خاندان کے سینیئر ترین ارکان میں سے ایک تھے جنھوں نے کھلے عام اپنے کاروباری مفادات کا ذکر کیا۔
ان کے تین بیٹوں سعودی ریسرچ اینڈ مارکیٹنگ گروپ’ سی آر ایم جی‘ کے سربراہ ہیں اور یہ گروپ اخبارات، رسالوں کا مالک ہے۔ ان میں سے ایک اخبار الشرق الاوسط لندن سے شائع ہوتا ہے۔
بادشاہ سلمان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اس گروپ میں حصہ دار نہیں ہیں۔
’سعودی عربیہ پولیٹکل افیئرز‘ کتاب کی مصنفہ کیرن ایلیئٹ ہاؤس نے بی بی سی کو بادشاہ سلمان کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ’ ان کی زیادہ شہرت ہے کہ ان کا جھکاؤ سعودی عرب کی مذہبی قیادت کی جانب زیادہ ہے۔‘
’آپ یہ تصور کر سکتے ہیں کہ ان کی ہلکی سے خواہش ہو گی کہ سعودی عرب میں زیادہ مذہبی سختی کو موقع دیا جائے۔‘
بعض دیگر مبصرین بادشاہ سلمان کی ایک بڑے شاہی خاندان اور اس میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے دھڑوں کے درمیان بطور ثالث شہرت رکھنے کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
اور یہ کردار مزید بھاری اس وقت ہو جاتا ہے جب سعودی بادشاہت کی دوسری نسل کو اہم سیاسی ذمہ داریاں دینے کی بات ہوتی ہے جس میں سعودی بادشاہت کے بانی عبدالعزیز کے بیٹوں سے اقتدار ان کے پوتوں کو منتقل ہوتا ہے۔
بادشاہ سلمان کا شاہی خاندان کے اندر السدیری دھڑا کبھی سات سگے بھائیوں کا ایک متحد گروپ ہوتا تھا اور اب اس گروپ میں بھی اندرونی دشمنیاں پیدا ہو چکی ہیں کیونکہ ان سات بھائیوں کے بیٹوں نے اپنے اپنے طاقتور مرکز بنا لیے ہیں۔
بادشاہ سلمان کی صحت کے بارے میں بھی خدشات پائے جاتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق انھیں ایک بار فالج ہو چکا ہے جس کی وجہ سے ان کے بائیں بازو کو حرکت کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ بادشاہ سلمان حالیہ اجلاسوں میں کافی چست نظر آئے اور کافی باخبر تھے لیکن ان کی عمر کی وجہ سے ان کی صحت کے بارے میں خدشات موجود رہیں گے۔
شاہ سلمان نے اقتدار سنبھالتے ہی سعودی عرب کے وزیر داخلہ پرنس محمد بن نائف کو نائب ولی عہد اور اپنے بیٹے محمد بن سلمان کو ملک کا نیا وزیر دفاع مقرر کیا ہے۔







