غرب اردن میں اسرائیلی خاتون ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters
غرب اردن میں ایک 26 سالہ اسرائیلی خاتون کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا۔
یہ واقعہ تل ابیب میں ہونے والے ایک واقعے، جس میں ایک اسرائیلی سپاہی کو چاقو سے وار کر کے زخمی کیا گیا تھا کے کچھ گھنٹوں کے بعد پیش آیا۔
غرب اردن میں ہونے والا یہ تازہ ترین واقعہ یہودی آبادی کے قریب رونما ہوا۔
پولیس کے مطابق خاتون کو اس وقت چاقو مارا گیا جب وہ دو دیگر اسرائیلیوں کے ہمراہ ایک بس سٹاپ پر کھڑی تھی۔
اس واقعے میں زخمی ہونے والے دونوں افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسرائیل کی ہنگامی امداد کی سروسز کے مطابق ایک اسرائیلی سکیورٹی گارڈ نے حملہ آور کو گولی ماری اور اسے شدید زخمی حالت میں وہاں سے لے جایا گیا۔
ادھر غربِ اردن کے شہر نابلوس میں ایک فلسطینی کو تل ابیب میں اسرائیلی سپاہی کو زخمی کرنے کے سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا۔
اسرائیلی خاتون کو چاقو کے وار سے ہلاک کرنے کا یہ واقعہ بیت المقدس میں کئی ہفتوں سے جاری کشیدگی کے دوران پیش آیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ ہفتے کے اختتام پر فلسطینیوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا تھا جس کے بعد اسرائیلی پولیس نے چاقو سے حملہ کرنے والے ایک نوجوان عرب کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
یروشلم میں گذشتہ تین ہفتوں کے دوران دو مختلف واقعات میں اب تک چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
یروشلم میں موسم گرما میں غزہ کے بحران کے بعد سے صورت حال کشیدہ ہے اور مشرقی یروشلم کے اضلاع میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور فلسطینوں کے درمیان متعدد بار جھڑپیں ہو چکی ہیں۔
اس سے پہلے گذشتہ جمعرات کو اسرائیلی پولیس نے شہر میں کشیدگی کے بعد حرم الشریف کو ایک دن کے لیے بند کر دیا تھا۔
اس سے ایک دن پہلے اسرائیلی پولیس نے ایک ایسے فلسطینی شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جس کے متعلق شبہ تھا کہ اس نے کچھ دیر قبل دائیں بازو کے ایک سرگرم یہودی کارکن ربی یہودا گلک کو گولی مار دی تھی۔







