سویڈن کے ’ہینڈسم منِسٹر‘ کے ہزاروں مداح

گیبريل وكسٹرم

،تصویر کا ذریعہGABRIEL WIKSTORM TWITTER

،تصویر کا کیپشن’اگر میں نوجوانوں کو سیاست میں لانے کے لیے انکی حوصلہ افزائی کر سکتا ہوں تو یہ بہت اچھا ہوگا‘

سویڈن کے نئے وزیر صحت لوگوں کے دلوں کی دھڑکنیں بڑھا رہے ہیں اور حیرانی کی بات یہ ہے کہ ان کے بارے میں سویڈن کی بجائے ترکی میں ہلچل مچ گئی ہے۔

اس کی وجہ ٹوئٹر پر لگائی گئی ان کی ایک شاندار تصویر ہے۔

گزشتہ ہفتے 29 سال کے گیبريل وكسٹرم کو ٹوئٹر پر ہزاروں لوگ فالو کر رہے تھے اس تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

جمعہ تک انہیں 22،800 سے زیادہ لوگ انھیں ٹوئٹر پر فالو کر رہے تھے۔

ان کے پرستار انہیں’ہینڈسم منِسٹر‘ کہتے ہیں۔

گیبريل وكسٹرم کا کہنا ہے کہ وہ نہیں جانتے کہ یہ کس طرح شروع ہوا لیکن اتنا جانتے ہیں کہ اس کا آغاز ترکی سے ہوا ہے۔

وزیر کا کہنا تھا کہ ’ترکی میں کسی نے میرے بارے میں ٹوئٹ کیا جن کو کافی لوگ فالو کرتے اس طرح ترکی کے کئی لوگ مجھے فالو کرنے لگے تو منگل کو میں نے سوچا کہ ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کچھ لکھوں‘۔

گیبريل وكسٹرم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بس اتنا ہی لکھا، ’میں ترکی کے اپنے تمام چاہنے والوں کا خیر مقدم کرتا ہوں اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

انہیں اپنے پیغام پر ملنے والے جواب سے کافی حیرانی ہوئی کیونکہ ان کے اس پیغام کو 8،500 بار ری ٹوئٹ کیا گیا۔

انہوں نے کہا: ’میں لوگوں کے رد عمل سے حیران اور خوش ہوں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ یہ سب میری صورت یا تصویر کی وجہ سے ہوا ہے۔ شاید اس کا تعلق کم عمری میں ایک وزیر کا عہدہ سنبھالنے سے بھی ہو سکتا ہے۔ میں سمجھ سکتا ہوں کہ ترکی میں یہ باتیں غیر معمولی ہیں۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’اگر میں لوگوں یا نوجوانوں کے لیے ایک رول ماڈل بن سکتا ہوں اور نوجوانوں کو سیاست میں لانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کر سکتا ہوں تو یہ بہت اچھا ہوگا۔‘

گیبريل وكسٹرم کا خیال ہے کہ ترکی کے لوگ سویڈن کے لوگوں کے مقابلے میں زیادہ تعریف کرتے ہیں۔

ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں لوگ صرف یہی جانتے ہیں کہ ان کا ایک بچہ ہے، تاہم انھوں نے یہ ظاہر نہیں کیا کہ وہ سنگل ہیں یا نہیں۔

گیبريل وكسٹرم نے یہ بھی بتایا ہے کہ وہ ترکی کے دورے پر جا سکتے ہیں حالانکہ ان کو ایک ٹوئٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ ’آپ کو ترکی نہیں آنا چاہیے، یہاں کی لڑکیاں آپ کو کھا جائیں گی۔‘