شام:دولتِ اسلامیہ اور کرد ملیشیا کے درمیان شدید لڑائی

،تصویر کا ذریعہReuters
مشرقی شام کے قصبے کوبانی کی جانب دولتِ اسلامیہ کی پیش قدمی کے دوران کرد ملیشیا اور دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں کے درمیان شدید لڑائی کی اطلاعات ہیں۔
شام کی سرحد کے پار ترکی میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ کوبانی کے مشرقی مضافات میں مارٹر گولے داغے گئے اور وہاں پر بھاری اور چھوٹے اسلحے کے استعمال ہونے کی خبریں ہیں۔
دولتِ اسلامیہ کے ایک ہفتے سے جاری حملے کو پسپا کرنے کے لیے کیے گئے فضائی حملوں کے با وجود وہ کیوبین کے ایک کلو میٹر کے فاصلے پر پہنچ گئے ہیں۔
ادھر ترکی نے کہا ہے کہ وہ کیوبین کو شدت پسندوں کے ہاتھوں قبضہ ہونے سے بچانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔
اس عزم کا اظہار وزیرِ اعظم احمد دویوتوگلو نے جمعرات کو ترک پارلیمان کی طرف سے فوج کو شام اور عراق میں جا کر شدت پسندوں کے خلاف جنگ کے حق میں قرار داد کے بعد کیا۔
دولتِ اسلامیہ کی طرف سے کیوبین پر قبضے کے لیے 15 ستمبر سے عسکری کارروائی کے آغاز کے بعد سے اب تک 160000 شامی شہری سرحد پار ہجرت کر گئے ہیں۔
دریں اثنا خبر رساں ادارے اے پی نے عراقی محکمۂ دفاع کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ دولتِ اسلامیہ نے شمالی عراق میں ایک سرکاری ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے۔
دولت اسلامیہ کی جانب سے جمع کی صبح کیوبین کے اندر اور عسکری لحاظ سے اہم پہاڑی پر کرد ملیشیا کے ٹھاکنوں پر فائر کیے گئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ترکی میں بی بی سی کے نامہ نگار پال ایڈم کے مطابق یہ لڑائی دوپہر کے قریب اور شدت اختیار کر گئی جس میں قصبے کے مشرقی حصے کو گولا بارود سے نشانہ بنایا گیا۔
ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ کوبانی پر یہ اب تک کا سب سے مسلسل جاری رہنے والا حملہ ہے۔
اس سے پہلے ایسی غیر مصدقہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ دولتِ اسلامیہ کے جنگجو کوبانی میں داخل ہوگئے ہیں۔ کردش پاپولر پروٹیکشن یونٹ کے رکن ایلن مینبک نے سی این این کو بتایا تھا کہ جہادیوں نے قصبے کے جنوب مغربی حصے میں واقع تل شیر کے علاقے میں داخل ہو گئے ہیں۔







