اطالوی پارلیمان کے حجاموں کی تنخواہ 99 ہزار یورو

italy barber
،تصویر کا کیپشناٹلی کی پارلیمان کے حجاموں کی تنخواہوں پر بہت سے اطالویوں کو اعتراض ہے

اٹلی کی پارلیمنٹ نے کفایت شعاری کی مہم کے تحت اپنے حجاموں کی تنخواہوں کم کر کے زیادہ سے زیادہ 99 ہزار یورو سالانہ کر دی ہیں۔

گذشتہ برس جب یہ انکشاف ہوا کہ پارلیمان کے حجام ایک لاکھ 36 ہزار یورو تک کماتے ہیں تو اس پر لوگوں نے انگلیاں اٹھائی تھیں۔ تاہم اب اطالوی اخبار کوتیدیانو لبیرو کے مطابق پارلیمان کے دونوں ایوانوں کی کمیٹیوں نے بچت کی خاطر حجاموں کی تنخواہوں سے 37 ہزار یورو کی کٹوتی کی منظوری دے دی ہے۔

اور صرف حجام ہی نہیں، پارلیمان کا دوسرا عملہ بھی بچت کی مہم کی زد میں آیا ہے۔ چیمبر آف ڈپٹیز کے چیف آف سٹاف کی تنخواہ تین لاکھ 58 ہزار یورو سالانہ سے کم کر کے دو لاکھ 40 ہزار کر دی گئی ہے، جب کہ ٹیکنیشنوں کی تنخواہ ایک لاکھ 52 ہزار سے کم ہو کر ایک لاکھ چھ ہزار یورو ہو گئی ہے۔

لیکن ان اصلاحات سے بعض اطالوی پوری طرح مطمئن نہیں ہوئے۔ ’ٹوڈے‘ ویب سائٹ نے لکھا: ’یہ نئی تنخواہیں بھی سر چکرا دینے والی ہیں۔‘

ٹوئٹر کے ایک صارف نے لکھا: ’پارلیمان کے حجاموں کی ماہانہ تنخواہ صرف 7600 یورو ہے۔ میں سوچ رہا ہوں کہ ان کے لیے چندے کی مہم شروع کر دوں۔‘

ایک اور شخص نے ٹویٹ کی: ’ارکانِ پارلیمان کے بال کاٹنے کا اس قدر معاوضہ؟ ان میں سے 80 فیصد کے تو بال ہی نہیں ہیں۔‘