ایکشن فلمیں دیکھنے سے موٹاپا بڑھتا ہے: تحقیق

،تصویر کا ذریعہThinkstock
امریکی محققین کا کہنا ہے کہ ایکشن فلمیں دیکھنے سے موٹاپے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
امریکہ کی کورنیل یونیورسٹی کی سابقہ تحقیق کے نتائج میں یہ سامنے آیا تھا کہ ٹیلی ویژن موٹاپے سے منسلک ہے، لیکن محققین نے یہ پتہ لگانے کی کوشش کی کہ کس قسم کے پروگرام دیکھتے وقت لوگ سب سے زیادہ کھاتے ہیں۔
جاما انٹرنل میڈیسن جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ لوگ ایکشن فلمیں دیکھتے وقت سب سے زیادہ کھاتے ہیں۔
تحقیق کے مصنفین کا کہنا ہے کہ ٹیلی ویژن دیکھتے وقت لوگوں کو کھانے سے پرہیز کرنا چاہیے۔
ٹیلی ویژن موٹاپے سے منسلک ہے کیونکہ اس میں جنک فوڈ کے اشتہارات دکھائے جاتے ہیں، اس کو دیکھتے وقت لوگ ایک متعین رویہ اختیار کرتے ہیں اور ان کی توجہ بھی بٹتی ہے۔
تحقیق کے دوران 94 طلبہ کو ٹیلی ویژن دیکھتے وقت چاکلیٹ، بسکٹ، گاجریں یا انگور دیے گئے۔ سائنس دانوں نے یہ موازنہ کیا کہ 2005 میں بنے والی ایکشن فلم ’دی آئی لینڈ‘ کے مقابلے میں انٹرویوز کا پروگرام چلنے کے دوران کتنی خوراک کھائی گئی۔
انھوں نے دیکھا کہ طلبہ نے انٹرویو کے پروگرام کے مقابلے میں فلم دیکھنے کے دوران تقریباً دگنا وزنی خوراک کھائی۔
یہ رویہ خواتین سے زیادہ مردوں میں نظر آیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رپورٹ کا کہنا ہے کہ ٹیلی ویژن دیکھنے میں مشغول ناظرین بنا سوچے سمجھے لگاتار کھاتے رہتے ہیں، جبکہ عام طور پر لوگ اتنا نہیں کھاتے۔
رپورٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ مریضوں کو مشورہ دیتے وقت ڈاکٹروں کو لوگوں کو ٹی وی دیکھتے وقت کھانا کھانے سے خبردار کرنا چاہیے۔







