غزہ پر اسرائیلی حملوں میں ہلاکتیں 800 سے تجاوز کر گئیں

،تصویر کا ذریعہAFP
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غرب اردن میں غزہ پر بمباری کے خلاف مظاہرے میں اسرائیلی فورسز کی کارروائی میں دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ غزہ میں اسرائیلی بمباری میں ہلاکتوں کی تعداد 800 سے تجاوز کر گئی ہے۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غرب اردن کے شہر رام اللہ میں ہزاروں فلسطینیوں نے غزہ پر اسرائیل کے حملوں کے خلاف مظاہرے کیے۔
اطلاعات کے مطابق اس مظاہرے میں کم از کم دس ہزار افراد شریک تھے جنھوں نے رام اللہ سے مشرقی یروشلم کی جانب مارچ کیا۔
مشرقی یروشلم میں اسرائیلی فورسز نے ان کو روکنے کی کوشش کی جس کے باعث تصادم میں دو فلسطینی ہلاک اور 200 سے زیادہ زخمی ہوئے۔
جنگ کی وجہ سے غزہ میں بسنے والے لوگوں کے لیے 40 فیصد علاقہ ’نوگو ایریا‘ یا ممنوعہ علاقہ بن گیا ہے اور شہریوں کی خوراک کا ذخیرہ تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔
118000 ہزار افراد اقوام متحدہ کے سکولوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں جبکہ بہت سے افراد کو خوراک کی قلت اور پانی کی کمی کا بھی سامنا ہے۔
امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے امریکی فضائی کمپنیوں پر تل ابیب کے لیے پروازوں پر پابندی اٹھا لی ہے۔ لیکن کئی مغربی فضائی کمپنیاں اب بھی تل ابیب کے لیے پروازوں شروع کرنے سے کترا رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کے خلاف ’ہجوم کو منتشر کرنے کی تکنیک‘ استعمال کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز نے یہ کارروائی اس وقت کی جب مظاہرین نے پتھر پھینکے اور ٹائروں کو آگ لگا کر سڑک بند کر دی۔
غرب اردن میں مظاہروں کی کال فلسطینی صدر محمود عباس کی جماعت فتح موومنٹ نے دی تھی۔
فلسطینی رہنماؤں نے جمعتہ المبارک یعنی آج بھی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے کہا ہے کہ غرب اردن کا مظاہرہ انتفاضہ دوم کے بعد سے سب سے بڑا مظاہرہ تھا۔
سکول پر بمباری

،تصویر کا ذریعہAP
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اقوام متحدہ کے زیر اہتمام چلنے والے ایک سکول پر اسرائیلی فوج کی گولہ باری کی وجہ سے کم از کم 13 افراد ہلاک اور دو سو زخمی ہوگئے ہیں۔
جب بیت الحین میں واقع سکول توپ کے گولوں کی زد میں آیا تو اس وقت وہاں سینکڑوں فلسطینی موجود تھے۔ غزہ میں اسرائیلی آپریشن شروع ہونے کے بعد ایک لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں نے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام عمارتوں میں پناہ لے رکھی ہے۔
یہ چوتھا موقع ہے جب حماس کے خلاف جاری آپریشن کے دوران اقوام متحدہ کی کسی عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے ادارے کی سربراہ ویلیری آموس کے مطابق 118000 ہزار افراد اقوام متحدہ کے سکولوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
جنگ بندی

حماس کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ کی ناکہ بندی ختم ہونے تک جنگ بندی نہیں ہو سکتی۔
خالد مشعل نے کہا کہ حماس مستقل جنگ بندی کو اس وقت تک رد کرتا رہے گا جب تک اس کی شرائط تسلیم نہیں کر لی جاتیں۔
مزید براں خالد مشعل کی طرف سے جنگ بندی کی شرائط میں غزہ کی مصر کے ساتھ رفح کے سرحدی راستے کو کھولنے اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے مطالبات بھی شامل ہیں۔
قطر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مشعل نے کہا کہ وہ کسی بھی ایسے معاہدے کو تسلیم نہیں کریں گے جس میں غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے کی شق شامل نہ ہو اور جو غزہ کے لوگوں کی قربانیوں کا احترام نہ کرے۔
خالد مشعل نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ غزہ کے لیے لوگوں کی امداد کے لیے دوائیاں، ایندھن اور دوسری امدادی اشیا فراہم کریں۔







