عراق بحران: تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ

،تصویر کا ذریعہAFP
عراق میں اسلامی شدت پسند جنگجوؤں کی جانب سے موصل سمیت مختلف علاقوں پر قبضے کے نتیجے میں جمعے کو تیل کی عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔
ہفتے کے اختتام پر تیل کی قیمتوں میں چار ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا اور تیل کی رسد کے تسلسل کے بارے میں جاری کی گئی تسلیوں نے بے چین منڈیوں کو پر سکون کرنے میں کسی حد تک کردار ادا کیا۔
’برینٹ کروڈ‘ کی قیمت 112.32 ڈالر فی بیرل پر مستحکم ہوئی جبکہ ’یو ایس کروڈ‘ کی قیمت 106.55 ڈالر فی بیرل پر مستحکم ہوئیں جو کہ ستمبر کے بعد سب سے اونچی سطح سے نیچے آئیں۔
دولت اسلامیہ فی عراق و الشام (آئی ایس آئی ایس) کے شدت پسند موصل اور تکریت پر قبضہ کر چکے ہیں اور دارالحکومت بغداد کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں جبکہ امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ عراق کی مدد کے لیے ’تمام امکانات‘ پر غور کر رہا ہے۔
عراق تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کے رکن ممالک میں سے تیل پیدا کرنے والے دوسرا بڑا ملک ہے۔
عالمی توانائی کی تنظیم ’آئی ای اے‘ کے مطابق عراق عالمی تیل کی پیدوارا کا چار فیصد پیدا کرتا ہے۔
آئی ای اے نے جمعے کو کہا کہ ’عراق میں حالیہ واقعات کے تناظر میں شاید اب تک تو نہیں مگر حالات اگر مزید خراب ہوتے ہیں تو عراق سے تیل کی فراہمی کو فوری خطرے سے دوچار کر سکتے ہیں۔‘
اوپیک نے جمعے کو تسلی دیتے ہوئے بیان دیا تھا کہ اضافی پیداوار اضافی طلب کو پورا کرنے کے بہت کافی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مشرقِ وسطیٰ عالمی سطح پر تیل پیدا کرنے والا بڑا خطہ ہے اور خدشہ ہے کہ اگر یہ تنازعہ بڑھتا ہے تو اس سے عالمی تیل کی رسد متاثر ہو سکتی ہے۔







