ٹریفک لائٹس کی خلاف ورزی بڑا گناہ ہے: سعودی مفتی اعظم

،تصویر کا ذریعہdaily Okaz
العربیہ ٹی وی چینل کے مطابق سعودی عرب کے مفتی اعظم عبدالعزیز الشیخ نے اپنا فتویٰ ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنا ’بڑا گناہ‘ ہے۔
مفتی اعظم نے اپنے فتوے میں کہا ہے کہ ٹریفک سگنل کی لال بتی کی خلاف ورزی کرنا بڑا گناہ ہے۔ اس فتوے میں انہوں نے قرآنی آیت کا حوالہ دیا ہے۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ مفتی اعظم نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے خلاف فتویٰ دیا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے 2010 میں فتویٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ جو شخص ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوسرے شخص کی جان لے وہ غیر ارادی قتل کا مرتکب ہو گا۔
گلف نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ٹریفک حادثات میں روزانہ 17 ہلاکتیں ہوتی ہیں جو کہ دنیا میں سب سے زیادہ شرح ہے۔
سنہ 2010 میں سعودی ٹریفک ڈائریکٹوریٹ نے انکشاف کیا تھا کہ ایک تہائی ٹریفک حادثات کی وجہ ٹریفک لائٹس کی خلاف ورزی کے باعث ہوتے ہیں۔



